سعودی عرب میں ایک دن میں ریکارڈ تعداد میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آگئے۔
ریاض سے سعودی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں مملکت میں کورونا کے 5 ہزار 362 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سعودی عرب میں پہلی بار ایک دن میں 5 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے جون 2020 میں ایک روز میں 4 ہزار 919 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
اومی کرون ویرینٹ پھیلاؤ کے پیش نظر سعودی عرب نے نئے سال کے آغاز سے عوامی مقامات پر ماسک لگانے کی پابندی لازمی کردی تھی۔
دریں اثنا سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا کے 5 ہزار 362 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 93 ہزار 545 ہوگئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 2 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد سعودی عرب میں کورونا سے اموات کی تعداد 8 ہزار 899 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 2 ہزار 499 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ سعودی عرب میں کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 5 لاکھ 52 ہزار57 ہوگئی۔