مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر تحریکِ انصاف نے اسٹیٹ بینک کو بلڈوز کر دیا۔
مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل پاکستان کے مالیاتی سرینڈر کا افسوس ناک دن تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قومی مالیاتی خود مختاری کو سرینڈر کر دیا گیا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اب آئی ایم ایف کے ماتحت ہو گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک اب پاکستان کا وائسرائے ہو گا، امید کرتا ہوں کہ سینیٹ کے اندر اسٹیٹ بینک بل منظور نہیں کیا جائے گا۔
مسلم لیگ نون کے رہنما نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ہر طرح سے ناکام ہو چکے ہیں، وہ بدترین تنہائی کا شکار بھی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک کی سیاست میں روز بروز محاذ آرائی پیدا ہو رہی ہے، نفرت کے علاوہ عمران خان کی اور کوئی کارکردگی نہیں ہے۔