سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کپتان ویرات کوہلی سمیت دیگر کھلاڑیوں کا نامناسب رویہ دیکھ کر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی افریقا سے جیتنے کا خواب ایک ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل گواسکر نے کہا کہ ’لنچ کے بعد بھارت کی کرکٹ نے مجھے حیران کر دیا، جنوبی افریقا میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتنے کا بھارت کا خواب ایک ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہو گیا ہے۔‘
سنیل گواسکر نے کہا کہ ’بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں بڑی فتح ملی تھی اور میں نے واقعی سوچا تھا کہ اگلے دو ٹیسٹ کے لیے بھی بھارت کے نام ہی ہوں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔‘
گواسکر نے مزید کہا کہ ’بھارت کی کارکردگی مایوس کن تھی اور ان کے پاس جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف جیت کے بغیر ٹیسٹ سیریز کے سلسلے کو ختم کرنے کا بہترین موقع تھا۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’جس طرح بھارت نے پہلے ٹیسٹ پر غلبہ حاصل کیا، میں نے واقعی سوچا تھا کہ وہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے، میں 3-0 کی سیریز جیتنے کے حوالے سے سوچ رہا تھا۔‘
واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقا کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی ممکنہ شکست سے بھارتی کرکٹرز آن فیلڈ آپے سے باہر ہوگئے تھے۔
بھارتی ٹیم پر شکست کے بادل منڈلانے لگے تو بھارتی کپتان اور کھلاڑیوں نے اپنا غصہ ڈی آر ایس پر نکال دیا تھا۔
اننگز کے 21ویں اوور میں فیلڈ ایمپائر نے جنوبی افریقا کے کپتان ڈین ایلگر کو روی چندرا ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا تھا، جنوبی افریقا کے کپتان نے اس فیصلے پر ریویو لیا تو ریویو میں فیصلہ واپس ہوگیا کیونکہ گیند سٹیمپ کے اوپر سے گزررہی تھی۔
بھارتی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں ہی سیریز کے آفیشل براڈ کاسٹر پر الزامات کی بوچھاڑ کردی تھی۔