• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فوٹو فائل
فوٹو فائل

سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کپتان ویرات کوہلی سمیت دیگر کھلاڑیوں کے نامناسب رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  سنیل گواسکر نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران اسٹمپ مائیک پر ویرات کوہلی کے غصے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک قابل گریز صورتحال تھی اور یہ ایسی چیز تھی جسے بھارتی کپتان کی حیثیت سے ویرات کوہلی روک سکتے تھے۔

سنیل گواسکر نے کہا کہ ’جب آپ اپنے ملک کے لیے کھیل رہے ہوتے ہیں اور جب آپ جیتنے کی پوری کوشش کر رہے ہوتے ہیں تو ہر ایک لمحہ بہت اہم ہوتا ہے، اگر آپ چلتے ہوئے کچھ کہتے ہیں تو یہ الگ بات ہے لیکن جب آپ اسٹمپ مائیک کی طرف جاتے ہیں تو یہ اچھا نہیں لگتا ہے لہٰذا یہ ایسی چیز تھی جس سے پرہیز کیا جاسکتا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’یہ طنز بھارت بمقابلہ جنوبی افریقا سیریز کے آفیشل براڈکاسٹر پر کیا گیا اور ہماری خوش قسمتی یہ ہی تھی کہ اُنہوں نے بھارتی کھلاڑیوں پر پابندیاں یا جرمانہ نہیں لگایا۔‘

سنیل گواسکر نے کہا کہ ’کھیل کے میدان میں دباؤ زیادہ ہوتا ہے، آپ کسی بھی کھیل کو دیکھتے ہیں چاہے وہ فٹ بال ہو، کرکٹ ہو یا کوئی اور کھیل ہو، جیت کی خاطر کھلاڑیوں میں غصہ آجاتا ہے۔‘

گواسکر نے مزید کہا کہ ’ اگر بھارت میں کوئی غیر ملکی کھلاڑی یا کپتان ایسا کرتا تو ہمارے کھلاڑی قبول نہیں کرتے۔‘

واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقا کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی ممکنہ شکست سے بھارتی کرکٹرز آن فیلڈ آپے سے باہر ہوگئے تھے۔

بھارتی ٹیم پر شکست کے بادل منڈلانے لگے تو بھارتی کپتان اور کھلاڑیوں نے اپنا غصہ ڈی آر ایس پر نکال دیا تھا۔

اننگز کے 21ویں اوور میں فیلڈ ایمپائر نے جنوبی افریقا کے کپتان ڈین ایلگر کو روی چندرا ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا تھا، جنوبی افریقا کے کپتان نے اس فیصلے پر ریویو لیا تو ریویو میں فیصلہ واپس ہوگیا کیونکہ گیند سٹیمپ کے اوپر سے گزررہی تھی۔

بھارتی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں ہی سیریز کے آفیشل براڈ کاسٹر پر الزامات کی بوچھاڑ کردی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید