• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کا شیئر کردہ ٹرک آرٹ والا ٹرک چوری کا تھا؟ حقیقت کھل گئی

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے گزشتہ دنوں والد میاں محمد نواز شریف کے ٹرک آرٹ کی ایک تصویر شیئر کی تھی اور ساتھ ایک سرائیکی گانا بھی لکھا تھا جس کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہوئے تھے ۔

مریم نواز پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ یہ ٹرک چوری کا ہے ، جس کی حقیقت اب سامنے آگئی۔

مریم نواز کے ٹوئٹ پر شہباز گِل نے کیا کہا؟

مریم نواز کے شیئر کردہ ٹرک آرٹ والے ٹرک پر وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے ایک چینل کے ویب کی خبر شیئر کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ مریم نواز کا شیئر کردہ ٹرک چوری کا ہے۔

شہباز گِل نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’چھوٹے چور اپنی دیہاڑیاں بند ہونے پر اپنے سرغنہ کو یقیناً یاد کر رہے ہیں، جعلی نمبر پلیٹ لگائے چوری کے ٹرک کے پیچھے لگی سرٹیفائیڈ سزا یافتہ مجرم اور چور کی تصویر ہٹا کر چیک کرلیں، یقیناً اس پر لدا ہوا مال بھی چوری کا برآمد ہوگا۔‘

شہباز گِل کی جانب سے کیے جانے والے ٹوئٹ پر لیگی کارکنان نے کھل کر ردعمل دیا لیکن نوجوان لیگی رہنما اور مریم نواز کے پولیٹیکل سیکرٹری  ذیشان ملک نے ٹرک کی حقیقت عیاں کردی۔

ذیشان ملک نے تحریک انصاف کا جھوٹ کیسے بےنقاب کیا؟

ذیشان ملک نے اپنے ٹوئٹ میں تحریک انصاف کا جھوٹا پروپگنڈہ بےنقاب کیا اور اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’تحریک انصاف کا جھوٹ بے نقاب  ہوگیا، یہ ٹرک گلگت کے علاقے ’نگر‘ سے رجسٹرڈ ہے تصویر میں ڈاکومنٹ بھی ہیں۔‘

انہوں نے مزید ٹرک آرٹس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک نہیں ہزاروں لاکھوں ایسے لوگ موجود ہیں جو میاں صاحب سے اپنی محبت کا اظہار مختلف طریقوں سے کرتے ہیں کس کس پہ جھوٹے الزام لگاؤ گے، پہلے تو ایک ٹرک تھا اب اور بھی دیکھ لو۔‘

یاد رہے کہ 16 جنوری کو مریم نواز کی جانب سے ایک ٹرک آرٹ شیئر کیا گیا تھا، شیئر کیے جانے والے ایک ٹرک آرٹ میں نواز شریف زندہ باد کے ساتھ سرائیکی گانے’پِچھاں مُڑ وے ڈھولا تیری لوڑ پے گئی‘ لکھا ہوا تھا۔

مریم نواز نے سرائیکی کے مشہور گانے کی یہ لائن اپنے ٹوئٹ میں بھی تحریر کی جس کا مطلب ہے ’واپس آجائیں اب آپ کی ضرورت پیش آگئی ہے۔‘

خیال رہے کہ طاہر نیر کی آواز میں گایا گیا یہ گانا آج کل تیزی سے مشہور ہورہا ہے، اس گانے کے کمپوزر اکرم راہی ہیں جب کہ گانے کے بول قیصر تارڑ نے لکھے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید