• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شام، کرُد فورسز اور داعش میں تصادم، 135 افراد ہلاک

دمشق (اے ایف پی /جنگ نیوز )کرُد فورسز کے زیرِ انتظام جیل پر جمعرات کو کیے گئے حملے کے بعد کُرد اہلکاروں اور داعش کے درمیان 4روز سے جنگ جاری ہے جس میں اب تک 135سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جس میں7عام شہری بھی شامل ہیں۔کرد جنگجوئوں کی جانب سے مقامی شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت کی گئی ہے ، شام میں انسانی حقوق کی نگراں تنظیم (سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس) کے مطابق 100سے زائد داعش کارکنان نے اپنے قیدی جنگجوؤں کو چھڑانے کیلئے جیل پر حملہ کیا۔ جیل میں 3500داعش کارکنان قید تھے۔ کہا جارہا ہے کہ 3سال قبل شام میں خود ساختہ اسلامی خلافت کے خاتمے کے بعد داعش کی جانب سے یہ اب تک کی سب سے منظم اور بڑی کارروائی ہے۔جیل پر حملے کے دوران جنگجوؤں نے اسلحے بھی قبضے میں لے لیے۔ امریکی حمایتی کُرد فورسز داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے میں سرگرم ہے جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر تصادم کے باعث اب تک 77 داعش کارکنان اور 39 کُرد اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔جائے وقوعہ کے قریب موجود اے ایف پی کے نمائندے نے بتایا کہ شدید جھڑپوں کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد کُرد فورسز نے لاؤڈاسپیکر کے ذریعے مقامی شہریوں کو فوری انخلا کا حکم دیا۔

دنیا بھر سے سے مزید