• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لئے سیاسی ماحول بنا رہی ہے، عمران خان


اسلام آباد (ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ سیاسی جماعت نہیں ایک مافیا کی طرح آپریٹ کررہی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں‘احتساب اور کرپشن کے خلاف بیانیہ سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے‘میرا شریف فیملی کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں‘شریف فیملی میں کوئی اخلاقیات نہیں‘وہ کس منہ سے ہم پرالزامات لگاتے ہیں ۔

عمران خان کی زیرصدارت پیر کو حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجرموں سے ڈیل یا مفاہمت قوم سے غداری کے مترادف ہے‘انہوںنے ہر شعبے میں رانا شمیم جیسے لوگوں کو استعمال کیا‘.

وزیراعظم نے ترجمانوں سے کہا کہ مافیا ہمیشہ بلیک میلنگ کا سہارا لیتا ہے، عوام کو مسلم لیگ ( ن ) کی ماضی کی تاریخ بھی بتائیں ،کرپشن کے خلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں‘کرپشن کے خلاف بیانیہ کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کام اجاگر کریں۔

عمران خان نے کہاکہ میں نے عدالت میں تمام پرانی رسیدیں پیش کیں، میرا شریف فیملی کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں، شہباز شریف بتائیں ملک مقصود کون ہے، ایک چپڑاسی کے اکاونٹ سے 16 سو کروڑ روپے شہباز شریف کے اکاونٹ میں گئے۔ 10ہزار تنخواہ والے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں اتنی بڑی رقم کیسے آئی ‘ شہباز شریف سے چپڑاسی، پاپڑ والے اکاؤنٹس میں اتنی بڑی رقوم پر جواب مانگیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ شریف فیملی اپنی کرپشن پر کوئی جواب نہیں دیتی‘ کرپشن کرنے والا اپوزیشن لیڈر بنا بیٹھا ہے۔ وزیراعظم نے ترجمانوں کو مثبت معاشی اشاریے اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کی معیشت کے بارے میں مسلسل مثبت اشارے دے رہے ہیں، معیشت درست سمت میں ترقی کررہی ہے‘ترقی کے اثرات جلد عوام کو منتقل ہوں گے۔

اہم خبریں سے مزید