ٹوکیو(عرفان صدیقی) تائیوان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ چین کے 39فوجی طیاروں نے تائیوان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوب مغرب میں پانیوں کے اُوپر سے اتوار کو گزرے اور اس کے فضائی دفاعی شناختی زون میں داخل ہو گئے۔ان طیاروں میں J-10 اور J-16 لڑاکا طیارے شامل تھے۔وزارت نے بتایا ہے کہ چینی فوجی طیاروں کے داخلے کے بارے میں ستمبر 2020 میں موجودہ شکل میں رپورٹیں جاری کرنا شروع کیے جانے کے بعد، 39 طیاروں کی تعداد ایک ہی دن میں ریکارڈ کی گئی دوسری سب سے بڑی تعداد ہے۔ 4 اکتوبر کو چین کے 56 فوجی طیارے فضائی دفاعی شناختی زون میں داخل ہوئے تھے۔تائیوان کی وزارت دفاع کی جاری ہونیوالی رپورٹ کے مطابق، چین کا ہدف لڑائی میں ملوث ہوئے بغیر تائیوان کا کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ دوسری جانب جاپان کی بحری سیلف ڈیفنس فورس، ایم ایس ڈی ایف نے اوکیناوا صوبے کے جنوب میں پانیوں میں امریکی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشق کی ہے۔