سلائو (اورنگزیب چوہدری ) پاکستان کی سیاست سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف سے شروع ہو کر ان ہی کے نام پر ختم ہوتی ہے، نواز شریف کو سیاست سے فارغ کرنے والے خود فارغ ہو گئے ہیں، پاکستان کے عوام کے ساتھ مسلم لیگ ن کے کارکن پوری طاقت کے ساتھ میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن پنچاب کے مرکزی رہنما سابق ممبر پنجاب اسمبلی سابق امیدوار قومی اسمبلی جہلم چوہدری ندیم خادم نے جنگ لندن سے گفتگو میں کیا۔ چوہدری ندیم خادم نے کہا تحریک انصاف کی موجودہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے، موجودہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے، جھوٹ اور سیاسی انتقام پر زیادہ دیر عوام کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں اکثریت صرف گنتی کے چند ممبران کی ہے جو کسی وقت تبدیل ہو سکتی ہے، پاکستان کے عوام مہنگائی سے تنگ اورمشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں، پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان کے عوام کے ووٹ کے زریعے حکومت قائم ہو، پاکستان کی سیاسی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب بھی شفاف الیکشن ہوئے مسلم لیگ ن کو عوام نے منتحب کیا۔ چوہدری ندیم خادم نے کہا کہ میاں نواز شریف سے ملاقات بہت اچھی رہی، وہ بہت جلد پاکستان کے عوام کی قیادت کریں گے، نواز شریف پاکستان کی ضرورت ہیں، انہوں نے کہا کہ کہ خیبر پختونخوا کے حالیہ لوکل الیکشن میں تحریک انصاف کی بدترین شکست سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ تحریک انصاف کو پنجاب میں اس سے بھی بڑی شکست ہو گئی۔ پنجاب کے عوام لوکل انتحابات کا بڑی بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں تا کہ ووٹ کی پرچی سے تحریک انصاف کے خلاف اپنے غم و غصہ کا اظہار کر سکیں۔ چوہدری ندیم خادم نے کہا کہ ضلع جہلم نواز شریف کے چاہنے والوں کا ضلع ہے، جہلم کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کیا۔ بہت جلد جہلم میں تحریک انصاف اپنی سیاسی موت مر جائے گی، چوہدری ندیم خادم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی تحریک انصاف سے مایوس ہو چکے ہیں، اوورسیز پاکستانی نواز شریف کے ساتھ انتقامی کارروائیوں کے خلاف سراپا اختجاج ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے موجودہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے جس پیار و محبت سے مجھے نوازا اور میرے حالیہ دورہ برطانیہ میں مجھے جو عزت اور اعتماد دیا میں اس پر ذاتی طور پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سابق ممبر پنجاب اسمبلی جہلم چوہدری ندیم خادم برطانیہ کا نجی دورہ مکمل کر کے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔