جرائم دنیا بھر میں ہوتے ہیں، پاکستان میں ہی نہیں انگلینڈمیں بھی چھینا جھپٹی اور قتل کی واراداتیں ہوتی ہیں، میں نہیں سمجھتا کہ کراچی یا پاکستان میں جرائم عروج پر ہیں ، یہاں کے لوگ پرامن اور محبت کرنے والے ہیں، اس شہر میں مجھے کوئی خوف نہیں، یہاں کےفٹبال کےشوقین بچوں کو اپنی صلاحتیں ابھارنے اور برطانیہ میں تربیت حاصل کرنے اور کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا اصل مقصد ہے۔
ان خیالات کا اظہار سوین ڈن ٹاون فٹبا ل کلب انگلینڈکے وائس چیئرمین زیویئر آسٹن نے کمشنر ہاؤس میں جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر کراچی اقبال میمن بھی موجود تھے۔
زیویئر نے مزید کہا کہ دو کوچز انگلینڈ سےپاکستان اسی سال آئیں گے جو پاکستان میں کوچز اور کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کرینگے اور دو ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو انگلینڈ مین ان کا کلب اسکالرشپ بھی دیگا، جس میں ان کی تربیت، رہائش، کھانا پینا اور ماہانا خرچہ بھی دیا جائے گا، جس سے پاکستان میں فٹبال کو فروغ حاصل ہوگا اور نوجوانوں میں فٹبال کا رجحان فروغ پائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سوین ڈن ٹاؤن فٹبا ل کلب انگلینڈ اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کراچی کے درمیان پارٹنر شپ طے پا گئی ہے، اس سے کراچی کے کھلاڑیوں کو فٹبال کے میدان میں انگلش کلب کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا موقع ملے گا۔
انھوں نے کہا کہ مجھے امید ہے اس عمل سے پاکستانی کھلاڑیوں کی زندگی تبدیل ہوجائے گی اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے درمیان کھیل کر انہیں بہترین تجربہ بھی حاصل ہوگا۔
کمشنر کراچی اقبال میمن نے کہا کہ دو ماہ قبل میری زیویئر سے بات ہوئی اور ذاتی کوششوں سے کھلاڑیوں کی تربیت کا معاہدہ طے پایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے غریب کھلاڑیوں کو اسکالر شپ ملے گی، انہیں کھیلنے کیلئے مختلف ٹیموں کے کنٹریکٹ ملیں گے اور پاؤنڈز اور ڈالرز میں پیسے کمائیں گے، جن کھلاڑیوں سے لوگ ہاتھ ملانا پسند نہیں کرتے ان کے ہاتھوں کو چھونے کیلئے عوام بے تاب رہیں گے۔