واشنگٹن(جنگ نیوز)امریکی صدر جوبائیڈن اور سعودی فرمانروا سلمان نے ٹیلی فونک گفتگو میں ایران اور یمن کے حالات سمیت تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور توانائی کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا۔ ’دونوں سربراہان نے روس سمیت او پیک پلس گروپ کے تمام اتحادیوں کے درمیان تیل سپلائی کے حوالے معاہدہ کرنے ضرورت پر بھی زور دیا،غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’دونوں سربراہان نے عالمی سطح پر توانائی کی فراہمی یقینی بنانے کا عزم کیا۔ سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ نے کہا کہ اوپیک آئل پروڈیکشن گروپ میں سب سے زیادہ خام تیل برآمد کرنے والے ملک کے سربراہ شاہ سلمان نے پیٹرولیم مارکیٹوں میں توازن اور استحکام برقرار رکھنے کے حوالے سے بات کی۔ انہوں نے روس سمیت او پیک پلس گروپ کے تمام اتحادیوں کے درمیان تیل سپلائی کے حوالے معاہدہ کرنے ضرورت پر بھی زور دیا۔گزشتہ ہفتے اوپیک پلس گروپ نے تیل کی پیداوار میں متعدل اضافے پر اتفاق کیا تھا، گروپ موجودہ ہدف پر پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر خام تیل کے سرفہرست صارفین کی کالز کا جواب دینے سے احتیاط کر رہا ہے۔