بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے بھی آخر کار ڈیجیٹل ورلڈ میں قدم رکھ ہی دیا۔
شاہ رخ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی فلم’لوو ہوسٹل‘کا ٹریلر شیئر کیا ہے۔
انہوں نے یہ ٹریلر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ایک ایسی سر زمین جہاں محبت میں پڑنا آپ کی زندگی کو ختم کردیتا ہے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ایک ایسا باغی جوڑا جوکہ اپنے ارد گرد معاشرےکی حدود توڑنے کی ہمت کرتا ہے، اب کیا ان کی محبت زندہ رہے گی؟‘
اداکار نے اپنی پوسٹ میں اپنے پروڈکشن ہاؤس ریڈ چیلیز کے بینر تلے بننے والی فلم کا ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے اور فلم 25 فروری کو بھارت کی اسٹریمنگ سروس زی فائیو پر ریلیز ہوگی۔
شاہ رخ خان نے ڈیجیٹل ورلڈ میں قدم بطور پروڈیوسر رکھا ہے کیونکہ اس فلم میں وہ اداکاری کرتے نظر نہیں آئیں گے۔
یاد رہے کہ دُنیا بھر میں بالی ووڈ کنگ کے لقب سے مشہور بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے کروڑوں مداح بڑی ہی بےصبری سے اُن کے نئے پراجیکٹس کے حوالے سے معلومات جاننے کے انتظار میں رہتے ہیں اور گزشتہ تین سال سے فلمی دُنیا سے دوری پر شاہ رخ خان کے مداح کافی اُداس ہیں۔
یہاں تک کہ ان تین سالوں میں شاہ رخ خان کے مداح کسی فلم میں اُن کی کوئی خصوصی انٹری یا کوئی ویب سیریزبھی نہیں دیکھ سکے۔
اسی حوالے سے اداکار نے کچھ عرصہ پہلے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کیا تھا اور اپنے مداحوں کو یہ خوشخبری دی تھی کہ وہ بہت جلد اپنے باقی ساتھی اداکاروں کی طرح ویب سیریز کی دنیا میں بھی قدم رکھیں گے۔
اب شاہ رخ خان نے بطور پروڈیوسر تو ڈیجیٹل ورلڈ میں اپنی انٹری دے دی ہے لیکن او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر شاہ رخ خان کو اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے دیکھنے کے لیے ابھی مداحوں کو کچھ عرصہ مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، شاہ رخ خان نے ڈزنی کی ایک ویب سیریز میں کام کرنے کے لیے معاہدہ کرلیا ہے تاہم ابھی تک مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
خیال رہے کہ شاہ رخ خان اپنے بیٹے آریان خان کی ممبئی کروزشپ منشیات کیس میں رہائی کے بعد اب فلم ’پٹھان ‘ کی شوٹنگ مکمل کروانے میں مصروف ہیں۔