مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف سزا یافتہ ہیں اور وہ ملک سے بھاگے ہوئے مجرم ہیں جب وہ پاکستان جائیں گے تو انہیں جیل جانا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاونِ خصوصی زُلفی بخاری نے پاکستان تحریک انصاف نارتھ ویسٹ اور پی ٹی آئی رہنما رومی ملک ، شعیب رشید کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کیا۔ اس موقع پر انیل مسرت، شیڈو وزیر ناز شاہ، باسط شاہ، آصف بٹ، ملک خلیل، رانا عبدالستار، زاہد حسین، بلال غفور کے علاوہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی جب ہال میں پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ زلفی بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل چکا ہے، اب بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو ووٹ کی رجسٹریشن کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 10 ملین پاکستانی وطن سے دور ہیں اور کثیر تعداد میں زرِ مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں اسی لیے وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ نوازشریف بیماری کا بہانہ بنا کر برطانیہ آئے اور یہاں آ کر فیکٹریوں کے دورے کر رہے ہیں، پاکستان کی عدالت نے نواز شریف کے خلاف فیصلہ سنایا ہوا ہے، اس لیے جب بھی وہ پاکستان جائیں گے انہیں جیل جانا ہو گا اور مقدمات کا سامنا کرنا ہوگا۔ زُلفی بخاری نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل بہت زیادہ ہیں اور ان کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر ہمارے نظام انصاف میں بہت خرابیاں ہیں،جب تک نظام انصاف بہتر نہیں ہو جاتا مسائل حل کرنے میں دشواریاں آئیں گی، ایک سوال کے جواب میں زلفی بخاری نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جلد کروائے جائیں گے اور مضبوط امیدوار کھڑے کر کے کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود پاکستان میں انتخاب لڑوں گا اور برطانوی شہریت چھوڑنے کا ارادہ رکھتا ہوں اور میں اپنے وکیل سے مشورہ کر رہا ہوں تا کہ میں اپنے کاغذات کلیئر کر اسکوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اوورسیز پاکستانیوں کی حمایت حاصل کررہا ہوں اور لندن اور مانچسٹر میں میرے کامیاب پروگرام ہوتے ہیں، پاکستانی کمیونٹی نے بڑے خلوص کے ساتھ میرا استقبال کیا ہے میں بھی بھرپور انداز میں ان کی نمائندگی کروں گا اور مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔ انیل مسرت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں اور وہ وقت دورنہیں جب بیرون ملک بسنے والوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو جائیں گے۔ زُلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سمجھتے اور کافی مسائل حل بھی کر چکے ہیں۔ شیڈو وزیر ناز شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیگریشن بل پاس کرنا غلط ہے، یہ بِل ناانصافی پہ مبنی ہے اور اس بل میں کوئی صداقت نہیں، ہماری کمیونٹی کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، پاکستانی اس ملک کی معیشت کو مضبوط کر رہے ہیں۔ تقریب میں زُلفی بخاری لوگوں سے ملے اور خیریت دریافت کی اور لوگوں کے سوالوں کے جواب دیئے۔تقریب میں اولڈھم سے قاری عبدالشکور نے قرآن پاک کی تلاوت کی۔ رومی ملک، بوبی ملک، محمد مالک، عمران حسین، شہناز صدیق، محمد زاہد، افتحار مجید، شہباز سرور، محمد ابوبکر، آصف بٹ، رانا عبدالستار، امجد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر محفلِ سماع کا اہتمام بھی کیا گیا۔