• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین اور افریقہ کی کانفرنس،چائنا بیلٹ اینڈ روڈ کے مقابلے میں ترقیاتی منصوبہ

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) یورپین یونین اور افریقی ممالک کے درمیان 2روزہ کانفرنس گذشتہ روز برسلز میں شروع ہوگئی ۔ سمٹ میں 27یورپین ممالک کے سربراہان مملکت وحکومت اور افریقی یونین کے 40رہنما شریک ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سمٹ میں افریقن کانٹینینٹ کے ساتھ یورپین یونین کے معاشی تعلقات میں اضافے پر بات چیت کی جا رہی ہے ۔ جس میں چائنہ کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے مقابلے میں افریقہ کیلئے اپنا ترقیاتی منصوبہ بھی شامل ہے۔ اس منصو بے کیلئے یورپ نے ویسے تو 300 ارب یورو کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن ذرائع کے مطابق اس سمٹ میں 150 ارب یورو خرچ کرنے کی بات کی جائے گی۔ مسئلہ صرف یہی ہے کہ اس میں کتنی گرانٹ، کتنی انوسٹمنٹ اور کتنے قرض کی صورت میں خرچ کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں یورپین دارالحکومت برسلزمیں اکٹھے ہونے والے یورپین لیڈرز کے درمیان روس اور یوکرین کے جھگڑے کے تناظر میں بات چیت بھی اہم موضوع ہے۔ کیونکہ اسی دوران یورپین سیکیورٹی کو لیکر نیٹو وزرائے دفاع کا دو روزہ اجلاس بھی برسلز میں جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام لیڈرز روس پر دبائو میں اضافے کیلئے پابندیوں کے مختلف طریقوں پر بات کریں گے۔ یورپ ۔ افریقہ سمٹ کے دوران مختلف ویکسینز کی افریقہ میں تیاری بھی افریقی لیڈروں کا ایک مطالبہ ہے ۔ لیکن یورپین ادویہ ساز ادارے اس عمل کی مخالفت کر رہے ہیں۔
یورپ سے سے مزید