• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمیونٹی گائیڈلائنز کی خلاف ورزیاں، چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے 60 لاکھ پاکستانی ویڈیو ڈیلیٹ کردیں

ہیلی فیکس(زاہدانور مرزا)چین کے ویڈیو شیئرنگ ایپ ’ٹک ٹاک‘ نے پچھلے سال جولائی سے ستمبر تک کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں پر 60لاکھ سے زائد پاکستانی ویڈیوز اپنے پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ کی ہیں۔ ’ٹک ٹاک‘ کی جانب سے جاری کی جانے والی تازہ ترین ’کمیونٹی گائیڈلائنز انفورسمنٹ رپورٹ‘ کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ جن ممالک کی ویڈیوز حذف کی گئی ہیں۔ ان میں پاکستان کا چوتھا نمبر ہے۔ اس طرح جولائی سے ستمبر 2021کے دورانیہ میں ’ٹک ٹاک‘ کی طرف سے دنیا بھر میں 9 کروڑ ویڈیوز ڈیلیٹ کی گئی ہیں۔ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ ڈیلیٹ کی گئی 95 فیصد ویڈیوز ایسی ہیں جنہیں پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیے جانے کے بعد بغیر کسی صارف کی شکایت کے حذف کیا گیا، 88 فیصد ویڈیوز کو کسی کے دیکھنے سے پہلے ڈیلیٹ کیا گیا جبکہ 93 فیصد ویڈیوز کو اپ لوڈ ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر حذف کیا گیا۔’ٹک ٹاک‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے 73.9 فیصد مواد ہراسانی کو فروغ دینے اور 72.4 فیصد مواد نفرت کو بڑھاوا دینے جیسی وجوہات کی بنا پر ڈیلیٹ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ’ٹک ٹاک‘ کا کہنا ہے کہ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کو مزید بہتر بنانے کے لیے اس سال کمپنی واشنگٹن، ڈبلن اور سنگاپور میں اپنے مانٹرنگ اور تحقیقاتی سینٹرز قائم کرے گی۔ واضح رہے پاکستان کی مرکزی حکومت ٹک ٹاک کو متعدد بار مبینہ طور پر ’نازیبا اور غیر اخلاقی‘ مواد کو اپنے پلیٹ فارم پر جگہ دینے کی وجہ سے بلاک کرچکی ہے ۔ ٹک ٹاک پر لگنے والی پابندی کو آخری بار اکتوبر 2021 میں ہٹایا گیا تھا۔

یورپ سے سے مزید