بالی ووڈ کے بادشاہ، اداکار شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ جو کچھ خدا نے ہمیں عطا کیا ہے وہ ہم سے چِھن بھی سکتا ہے۔
شاہ رخ خان کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پیجز پر وائرل ہورہی ہے، جس میں انہوں نے اپنی کامیابی جو اُنہوں نے بہت محنت سے حاصل کی ہے، اس کو کھونے کے ڈر کے بارے میں بات کی ہے۔
اداکار نے اپنے اس انٹرویو میں کہا کہ’ایک وقت تھا جب وہ سوچتے تھے کہ وہ بہت محنت کرتے ہیں، اچھی اداکاری کرتے ہیں اور وہ صحیح کام کررہے ہیں، وہ ایک ذہین انسان ہیں، تعلیم یافتہ ہیں اور وہ ہر چیز کرسکتے ہیں‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’ اُنہیں لگتا تھا کہ وہ کچھ بھی دے سکتے ہیں اور بدلے میں کچھ بھی حاصل کرسکتے ہیں‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’لیکن جب آپ کو یہ احساس ہوتا ہے کہ جو آپ کو بدلے میں مل رہا ہو وہ اس سے زیادہ ہے، جس کے آپ حقدار ہیں‘۔
شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ’ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ وہ اس قابل ضرور ہیں کہ لوگ اُنہیں پسند کریں لیکن بہت زیادہ نہیں، وہ اس قابل ہیں کہ وہ پیسے کمائیں لیکن بہت زیادہ نہیں، وہ اس قابل ہیں کہ انہیں ایوارڈز ملیں لیکن بہت زیادہ نہیں، وہ فلمیں بنانے کے قابل بھی ہیں لیکن بہت جلدی نہیں‘۔
اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وہ بہت زیادہ روحانی خیالات رکھنے والے عبادت گزار اور نیک شخص نہیں ہیں لیکن اُن کا عقیدہ ہے کہ جو خاص چیزیں آپ کو اچانک سے عطا کی جاتی ہیں وہ اسی طرح ایک جھٹکے میں آپ سے چِھن بھی سکتی ہیں‘۔