کوئٹہ(خ ن)کمشنر لورالائی ڈویژن بشیر احمد بازئی کی زیر صدارت لورالائی میں امن و امان کی موجودہ صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ضلع لورالائی میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمانڈنٹ فرنٹیر کور لورالائی محمد تیمور خان، ڈپٹی کمشنر لورالائی عتیق احمد شاہوانی، ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل یاسرحسین بازئی،ایس پی لورالائی اکبر علی بگٹی،ایڈیشنل کمشنر محمد ایوب اسسٹنٹ کمشنر ریونیو عبدالوہاب ناصر، اسسٹنٹ کمشنر دکی حضرت علی کاکڑ، پولیس افسران، محکمہ داخلہ اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔کمشنر لورالائی ڈویژن محمد بشیر بازئی کی طرف سے اجلاس کو ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ بشیر احمد بازئی نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے سلسلے میں انتظامیہ کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی لیکن انتظامیہ کو اس حوالے سے عوامی توقعات پر پورا اترنا ہوگا انہوں نے کہا کہ لورالائی ڈویژن میں انتظامیہ تسلی بخش کام کر رہی ہے جس میں مزید بہتری کی ضرورت ہےکمشنر لورالائی نے ہر سطح پر قانون کی موثر عمل داری کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔درایں اثناء کمشنر لورالائی ڈویژن بشیراحمد بازئی نے تعلیمی اداروں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی اورقومی ترقی کا انحصار تعلیمی اداروں کی مزید بحالی ،قومی اور عالمی ضروریات سے ہم آہنگ نصاب کے انتخاب اور علم و ابلاغ جیسے لوازمات سے لیس اساتذہ پر ہے۔ اسکولوں کی سطح پر ایک اعلیٰ تعلیمی اور تدریسی نظام ہماری بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے ۔