عالیہ بھٹ اور سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ کو باکس آفس پر پسندیدگی کی سند مل گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گنگو بائی کاٹھیاواڑی میں عالیہ بھٹ کی شاندار پرفارمنس کو ہر جانب سے سراہا جارہا ہے۔
گنگوبائی کاٹھیاواڑی کو پہلے ہی دن بھارت میں پسندکیا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد اسے دیکھنےکے لیے سنیما گھروں کو پہنچی۔
عالیہ بھٹ کی ٹھوس پرفارمنس اور لیلا بھنسالی کی عمدہ ڈائریکشن سے سامنے آنے والی فلم نے پہلے دن ملک بھر میں 10 کروڑ سے زائد کی کمائی کی اور فلمی پنڈتوں کو حیران کردیا ہے۔
گنگوبائی کاٹھیاواڑی 25 فروری کو سنیما گھروں میں ریلیز کی گئی۔
یہ ایک نوجوان خاتون کی گجرات سے بھاگ کر ممبئی آنے، اس کے ساتھ ہونے والے دھوکے، جسم فروش کی زندگی جیسے واقعات پر مبنی ہے۔
فلمی پنڈٹ عالیہ بھٹ کی اس فلم کو اُن کے فلمی کیریئر کا بڑا رسک کہہ رہے تھے لیکن انہیں ہر طرف سے سراہا اور پیار دیا جارہا ہے۔
فلمی تجزیہ کار ترن آدرش نے ٹوئٹ کے ذریعے گنگو بائی کاٹھیاواڑی کی بھارت میں پہلے دن کی10 کروڑ سے زائد کمائی کو متاثر کن قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا سے پہلے عالیہ بھٹ کی فلم راضی ریلیز ہوئی تھی، اسی تناظر میں توقع کی جارہی تھی فلم پہلے دن 6 سے 7 کروڑ کا بزنس کرے گی۔
گنگوبائی کی کہانی حسین زیدی کی کتاب ’مافیا کوئین آف ممبئی‘ پر مبنی ہے، جس میں عالیہ بھٹ کے ساتھ اجے دیوگن اور دیگر نے کردار نبھائے ہیں۔