• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر سال 10، 12 فیصد گیس کم ہونے کی بات بالکل غلط، امتیاز شیخ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ ہرسال 10، 12 فیصد گیس کم ہونے کی بات بالکل غلط ہے ، ہم اس پر جوائنٹ آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ اصل حقیقت سامنے آسکے، جمعرات کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمۂ توانائی سندھ نیپرا کی طرز پر سندھ کا ادارہ سیپرا بنانے کی تجویز صوبائی کابینہ کے سامنے رکھے گا۔امتیاز شیخ نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جاری لانگ مارچ میں لاکھوں پاکستانی اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں اور جونہی یہ لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا انشاء اللہ قوم کو بڑی خوشخبری سننے کو ملے گی۔امتیاز شیخ نے کہا کہ چیئرمین بلاول کی قیادت میں جاری لانگ مارچ سے وفاقی نااہل حکومت کی ٹانگیں کپکپا رہی ہیں اور ان کا غرور ٹوٹا ہے۔پنجاب کے عوام نے رحیم یار خان میں چیئرمین بلاول کا والہانہ استقبال کیا ہے، اس تاریخی لانگ مارچ میں سندھ پنجاب اور دیگر صوبوں کے عوام بھی جوق در جوق شامل ہورہے ہیں جس سے پی ٹی آئی حکومت گھبراہٹ کا شکار ہے اور انہیں دوسری جماعتوں کی لیڈر شپ کی طبیعت اور عیادت کا خیال آگیا ہے۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنے 3 سال میں پیٹرول کی قیمت میں 70 روپے کا اضافہ کیا اور اب 10 روپے کم کرکے قوم پر احسان کررہے ہیں۔پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے ہر روز فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بلوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر ڈالا جاتا ہے۔ ایل این جی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ کیا جاتا رہا ہے۔انہوں نے مہنگے ترین داموں پر خریداری کرکے ملک و قوم پر بوجھ ڈالا ہے۔امتیاز شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزراء سندھ کی گیس، سندھ کا پانی، سندھ کی بجلی اور سندھ کے واجب الادا پیسے بند کرکے کس منہ سے سندھ میں گھوم رہے ہیں۔