• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روزانہ ہلدی کھانے کے حیران کُن نتائج

ہر گھر کے باورچی خانے میں اور خصوصاً ایشیائی کھانوں میں استعمال کی جانے والی ہلدی میں بہت سی بیماریوں کا علاج موجود ہے۔

ہلدی کا قدیم زمانے سے بطور غذا اور دوا استعمال کیا جا رہا ہے جس کے صحت پر بے شمار طبی اثرات مرتب ہوتے ہیں، ہلدی میں اینٹی انفلامینٹری اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات پائے جانے کے سبب اس کا استعمال ماہرین کی جانب سے بھی تجویز کیا جاتا ہے۔

قدرتی جراثیم کش ہلدی کو کئی طرح سے اور متعدد نتائج حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جِلدی بیماری، زخم کو بھرنا اور اندرونی چوٹ کو آرام پہنچانا مطلوب ہو تو گھروں میں صدیوں سے ہلدی ہی کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے شرطیہ مثبت نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

ہلدی ناصرف قدرتی اینٹی سیپٹک ہے بلکہ یہ قدرتی طور پر اینٹی انفلامینٹری خصوصیات کی بھی حامل ہے، اس کے استعمال سے سوجن میں کمی واقع ہوتی ہے اور سوجن کے نتیجے میں بننے والے کینسر کے خدشات بھی کم ہوتے ہیں، ہلدی جوڑوں کے درد یعنی ’آرتھٹرائیٹس‘ اور ’اوسٹیوپراسیس‘ میں بھی نہایت معاون ثابت ہوتی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک خاتون، جو کچھ عرصے سے ہائی کولیسٹرول اور معدے کے مسائل میں مبتلا تھیں، اُنہوں نے ایک ماہ تک روزانہ ہلدی کا استعمال کیا جس کے بعد خاتون کو جلد ہی معلوم ہوا کہ ہلدی اس کی صحت کے مسائل کا حل ہے لیکن یہ بھی معلوم ہوا کہ یہ بہت سی چیزوں کے لیے بہت اچھا کام کرتی ہے۔ 

اس بارے میں تجسس ہے کہ ہلدی اور کیا مدد کر سکتی ہے؟ آئیے ہلدی کے حیران کُن فوائد جاننے کی کوشش کرتے ہیں

ہلدی وزن کم کرنے میں مددگار ہے:

ہلدی واقعی وزن کم کرنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے، ہلدی اپنی قدرتی خصوصیات کی وجہ سے ہمارے جسم کی اضافی چربی کو کم کرتی ہے جس سے ہمارا وزن کم ہوتا اور ساتھ ہی کیلوریز کو بھی جلاتی ہے۔

ہلدی بڑھاپے کے اثرات کو کم کرتی ہے: 

طبی جز پائے جانے کے نتیجے میں ہلدی بڑھاپے کے اثرات ظاہر ہونے کے عمل کو کم کرتی ہے، ہم وزن ہلدی اور بیسن کو پانی میں ملا کر پیسٹ بنائیں اور اسے چہرے، گردن اور بازؤں پر لگا لیں، سوکھنے پر ہلکے ہاتھوں سے اسکرب کی طرح گولائی میں مساج کریں اور نیم گرم پانی سے دھو لیں، اس عمل کو روزانہ دہرائیں، کچھ ہی دنوں میں چہرے کی رنگت کھل جائے گی اور جھریوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔

ہلدی ڈپریشن سے لڑ سکتی ہے:

ہلدی ڈپریشن سے لڑنے میں بھی مدد کر سکتی ہے۔ ہلدی اور ڈپریشن کے درمیان تعلق پر تحقیق کی گئی۔ اس تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ہلدی میں موجود فعال جزو کرکیومین ڈپریشن کی علامات کو کم کرنے میں موثر ہے۔

قلبِ صحت کیلئے مفید:

ہلدی آپ کے دل پر بھی فائدہ مند اثر رکھتی ہے، اس میں ایسے مادے ہوتے ہیں جو دل اور خون کے خلیوں کے کام پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔ ایک تحقیق میں امراضِ قلب کے 121 مریضوں کے ایک گروپ کو 4 گرام ہلدی دی گئی جس گروپ کو یہ مسالہ ملا، ان میں دل کے دورے کا خطرہ 65 فیصد کم ہوا، اسی لیے اگر آپ کو دل کی بیماری کا خطرہ ہے تو ہلدی کو اپنی غذا میں شامل کریں۔

ہلدی جسم کو صاف کرتی ہے:

ہلدی کو زیادہ تر باڈی ڈیٹوکس پروگراموں میں استعمال کیا جاتا ہے، جو کہ  اتفاق نہیں ہے کیونکہ اس کا اثر جگر کے معیار پر پڑ سکتا ہے۔ یہ اہم عضو ہے جسے صاف کرنے کی ضرورت ہے۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ خمیر شدہ ہلدی پاؤڈر جگر کے کام کو بہتر بناتا ہے۔

صحت سے مزید