بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے کہا ہے کہ وہ اس فلم میں کام نہیں کر سکتے جس کی شوٹنگ کے لیے 100 سے زیادہ دن درکار ہوں۔
اکشے کمار کا شمار اس وقت بالی ووڈ کے کامیاب ترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے، اداکار ہر سال متعدد ہٹ فلمیں پیش کرتے ہیں اور اکشے اب 2022 کی اپنی پہلی نئی فلم ’بچن پانڈے‘ کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسی فلمیں کرتے ہیں جو کنٹرولڈ بجٹ پر بنتی ہیں اور ایک مقررہ وقت میں سمیٹ لی جاتی ہیں۔
اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہ کس طرح بجٹ ان کے لیے فلم سازی کا ایک اہم پہلو ہے، اکشے کمار نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ میں 'بجٹ ہٹ تو فلم ہٹ' کے جملے پر پختہ یقین رکھتا ہوں، میں نے کبھی پیسہ ضائع نہیں کیا اور سب کے وقت کا احترام کیا۔
اکشے کمار نے کہا کہ میں اپنے ساتھی اداکاروں اور عملے کے وقت کا احترام کرنے کی بات کرتا ہوں تاکہ وقت میرا احترام کر سکے۔
فلم میں کام کرنے کے لیے اپنے معیارات بتاتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں کسی بھی فلم کو 45 سے 50 دن سے زیادہ نہیں دے سکتا اور اگر آپ اس وقت میں فلم کی شوٹنگ کریں گے تو آپ کا بجٹ ہمیشہ کنٹرول میں رہے گا۔
اداکار نے مزید کہا کہ ایسی فلم میں کام نہ کریں جس کی شوٹنگ کے لیے 100 سے زیادہ دن درکار ہوں۔
واضح رہے کہ اکشے کمار کی ایکشن اور کامیڈی فلم ’بچن پانڈے 18 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔