آسکر 2022 کے اسٹیج پر کامیڈین کرس راک کو زور دار مُکا مارنے کا واقعہ تاریخ میں شاید پہلی بار ہی ہوا ہے، اس واقعے سے حاضرین اور ناظرین دنگ رہ گئے تھے۔
وِل اسمتھ کے کرس راک کو مُکا مارنے کی وجہ ان کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کی ظاہری شخصیت کا مذاق اُڑانا بنا، جو ایلوپیشیا ایریاٹا کے مرض میں مبتلا ہیں۔
دراصل ایلوپیشیا مخصوص قسم کا گنج پن ہے، جو آٹو امیون ڈس آرڈر کی وجہ سے ہوتا ہے۔
اس مرض میں مبتلا مریضوں کے بال تیزی سے جھڑتے ہیں۔ امریکا میں اس مرض کے 70 لاکھ اور دنیا میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ افراد مبتلا ہیں۔
ظاہری شخصیت کے مذاق اُڑانے پر جہاں کرس راک کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا وہیں لوگوں کی بڑی تعداد یہ جاننے کے لیے بےچین نظر آئی کہ وِل اسمتھ کی اہلیہ آخر ہیں کون؟
پنکیٹ اسمتھ میری لینڈ کے شہر بالٹیمور میں 1971 میں پیدا ہوئیں، ان کے والد افریقی نژاد امریکی ہیں اور ان کی والدہ افریقی کیریبین نسل سے ہیں۔
پنکیٹ اسمتھ کی زندگی میں بڑا واقعہ تب رونما ہوا جب انہیں 1991 میں ٹیلی ویژن سِٹ کام ’اے ڈیفرنٹ ورلڈ‘ میں کاسٹ کیا گیا لیکن انہیں 1996 میں ’نٹی پروفیسر‘ میں جاندار اداکاری کے جوہر دکھانے سے پہچان ملی۔
انہوں نے اداکار وِل اسمتھ سے 1997 میں شادی کی جس سے ان کے دو بچے ہیں، ان کا ایک بیٹا جیڈن اور ایک بیٹی ولو ہے۔
پنکیٹ 2018 سے فیس بُک واچ پر ٹاک شو ریڈ ٹیبل ٹاک کی میزبانی کر رہی ہیں۔ شو میں، پنکیٹ، ان کی والدہ ایڈرین بینفیلڈ نورس اور بیٹی ہالی ووڈ کے بہت سے ستاروں کے ساتھ عام گفتگو کرتی ہیں۔
ٹائم میگزین نے پنکیٹ اسمتھ کو 2021 کی دنیا کے 100 بااثر افراد کی فہرست میں سے ایک کے طور پر نامزد کیا۔