• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون اول کے منظور نظر ہونے کی کوئی بات نہیں ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش نہیں کی نہ عہدے کی خواہش کی، خاتون اول کے منظور نظر ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مائنس بزدار کی باتیں کرنے والے میرے پاس آتے ہیں ملتے ہیں، میرے دستخط سے ان کی گاڑی پر جھنڈا لگا، میں دستخط سے انہیں نکال بھی سکتا تھا۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم نے مشکل صورتحال میں مجھ پر اعتماد کیا، میں نے اپنا حق ادا کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر کسی نے قربانی دینی ہے تو سب سے پہلے میں تیار ہوں، وزیر اعظم سے کہا ہے کہ جب جس طرح آپ کا حکم ہوگا تعمیل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کہے گی بیٹھ جائیں تو کبھی سیاست میں نظر بھی نہیں آؤں گا۔


’’میرے استعفے پر فیصلہ وزیراعظم نے کرنا ہے‘‘

انہوں نے کہا کہ سیاسی صورتحال موجودہ صورتحال میں ہر پل تبدیل ہو رہی ہے، میں نے خود وزیر اعظم کو استعفے کی آفر کی، میرے استعفے پر فیصلہ وزیراعظم نے کرنا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبے میں جتنا کام کیا شاید اتنی میڈیا پر تشہیر نہیں کرسکے،میرے ساتھ پارلیمنٹیرین کمفرٹ ایبل ہیں کچھ چیزوں کا بڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، میرا ان کے ساتھ پیار محبت کا تعلق تاحیات رہے گا۔


’’پارٹی پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی ہے تو ہم پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں‘‘

ان کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی ہے تو ہم پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں،قسمت کی باتیں جس کے نصیب میں جو لکھا ہوتا ہے وہی ہوتا ہے،ساڑھے تین سال میں نجی زندگی کو کم وقت دیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اگر میں کسی جگہ بیٹھا ہوتا تھا تو خدمت کر رہا ہوتا تھا، اللّٰہ نے جتنی عزت مجھے دی شاید کسی کو ملی ہو،خوش قسمت ہوں پہلی بار ایم پی اے بنا اور وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوگیا۔


’’میں نے کبھی وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش نہیں کی‘‘

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش نہیں کی نہ عہدے کی خواہش کی،اگر پارٹی کہے گی بیٹھ جائیں تو کبھی سیاست میں نظر بھی نہیں آؤں گا۔

عثمان بزدار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خاتون اول کے منظور نظر ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔


’’وقت بتائے گا کہ ہم نے کتنا ڈلیور کیا ہے‘‘

ان کا کہنا تھا کہ جاگیردارانہ نظام سے ہٹ کر پہلی دفعہ اس طرح نمائندگی دی گئی ہے، وقت بتائے گا کہ ہم نے کتنا ڈلیور کیا ہے، پنجاب بڑا صوبہ ہے میں نے اپنا رول نبھانے کی پوری کوشش کی ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انسان قبر تک سیکھتا رہتا ہے کون ہے جو پرفیکٹ ہے، انسان کو تکبر نہیں کرنا چاہیے سیکھتے رہنا چاہیے، خواہش ہے جو خواب ہم نے ملک اور صوبے کے لیے دیکھے ہیں پورے ہوں۔


’’ہم نے ٹرینڈ تبدیل کردیا ہے، وزیر اعلیٰ سے ہر کوئی مل سکتا ہے‘‘

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خواہش ہے پنجاب پوری دنیا میں خدمت کے طور پر مثالی نظر آئے، ہم نے لوگوں کی عزت کی کسی کی پگڑی نہیں اچھالی، ہم نے ٹرینڈ تبدیل کردیا ہے، وزیر اعلیٰ سے ہر کوئی مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعلیٰ آفس کا کلچر تبدیل کردیا ہے، ایمرجنسی ہے تو فوری مل سکتے ہیں، ہم نے طریقہ کار کو تبدیل کیا جسے ریورس کرنا مشکل ہوگا۔


’’عوامی آدمی ہوں، دور دراز علاقوں سے آئے بچے میری کرسی پر بیٹھ جاتے ہیں‘‘

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں عوامی آدمی ہوں، دور دراز علاقوں سے آئے بچے میری کرسی پر بیٹھ جاتے ہیں، میں نے کھڑے ہوکر دس دس ہزار لوگوں سے درخواستیں وصول کی ہیں۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی کےلیے سب سے زیادہ دورے میں نے کیے۔

قومی خبریں سے مزید