وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف اراکین کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عامر کیانی سے ملاقات کی، جس میں منحرف اراکین قومی اسمبلی کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز کے اجراء کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق اظہارِ وجوہ کے نوٹسز کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی گئی، اراکین اسمبلی کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز کو آرٹیکل 63-اے کے تحت جاری کیے جارہے ہیں، آرٹیکل 63-اے اراکینِ اسمبلی کے فلور کراس کرنے پر کڑی قدغن عائد کرتا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منحرف اراکین کو یکم اپریل دن 12 بجے تک اپنی پوزیشن واضح کرنے کی مہلت دی جائے گی، یکم اپریل دن 12 بجے تک جماعت کو مطمئن نہ کرنے والے اراکین کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق انحراف کے مرتکب اراکین کے خلاف باضابطہ ریفرنسز اسپیکر کو بھجوائے جائیں گے، اسپیکر سے منحرف اراکین کی نشستوں کو خالی قرار دینے کی سفارش کی جائے گی۔