کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈاتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے پشین اور چمن میں ملاوٹی دودھ اور ناقص و مضر صحت خوراک کی فراہمی پر مراکز کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد ملک شاپس ، بیکرز ، میٹ شاپس اور ہوٹلوں سمیت 46 کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ ڈائریکٹر آپریشنز بی ایف اے ہیڈ کوارٹر شکیل احمد کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ملاوٹی و ناقص اشیاء خوردونوش کے تدارک کیلئے مصروف عمل ہے ، رمضان المبارک کے دوران جعلی و ناقص کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری اور خریدوفروخت پر کنٹرول کیلئے خصوصی اسٹرٹیجی اپنائی جائیگی ، انہوں نے کہا کہ بی ایف اے نا صرف غیر معیاری خوردنی مصنوعات کے خلاف ایکشن لے رہی ہے بلکہ فوڈ سیفٹی سے متعلق شعور و آگہی پر بھی توجہ دی جارہی ہے ، آگاہی مہم کے سلسلے کو صوبہ بھر تک وسعت دی جائیگی تاکہ کھانے پینے کی اشیاء کے کاروبار سے منسلک افراد کو حفظان صحت کے اصولوں بارے تفصیلاً آگاہ کیا جاسکے۔ پشین میں بی ایف اے کی معائنہ ٹیموں نے مراکز کی چیکنگ کرتے ہوئے 5 بیکرز اینڈ بیکنگ یونٹس کو ایس او پیز کی خلاف ورزی ، صفائی کے ناقص انتظامات اور اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخ ظاہر نہ کرنے ، 4 ہوٹلوں کو صفائی کی ابتر صورتحال و پکوان میں غیر معیاری کوکنگ آئل کے استعمال پر جبکہ بی ایف اے موبائل لیبارٹری کے ذریعے ملک شاپس میں دودھ کی ٹیسٹنگ پر ملاوٹی دودھ کی فروخت میں ملوث 6 ملک شاپس پر جرمانے عائد کئے گئے ، اس دوران 2 مصالحہ شاپ کے خلاف ممنوعہ چائنیز نمک اور مضر صحت فوڈ کلرز کی فروخت جبکہ 3 میٹ شاپس کے خلاف ایس او پیز کے خلاف گوشت کی اسٹوریج و فروخت پر کارروائی کی گئی۔ مزید برآں چمن میں ملک شاپس میں دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے دکانوں سے سیمپلز لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے گئے ، 9 دکانوں کا دودھ ملاوٹی پایا گیا ، 8 بیکنگ پلانٹس میں صفائی و اشیاء اسٹور کرنے کا نظام انتہائی خراب تھا جبکہ ورکرز کی جانب سے ذاتی صفائی کا خیال نہیں رکھا جارہا تھا اور بیکنگ مشینری بھی آلودہ تھی ، 2 ہولسیل ٹریڈرز سے زائد المیعاد مصنوعات ، مضر صحت فوڈ کلرز اور ممنوعہ چائنیز نمک برآمد ہوا ، جس پر مذکورہ مراکز کو جرمانہ کیا گیا۔