• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدم اعتماد کی ووٹنگ ٹالنے کیلئے دی گئی تجاویز سامنے آگئیں

وزیرِ اعظم عمران خان کی گزشتہ روز کچن کیبنٹ سے تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق ہوئی حتمی مشاورت کے دوران ووٹنگ ٹالنے کے لیے دی گئی تجاویز سامنے آگئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز ہونے والے کچن کیبنٹ اجلاس میں 6 سے 8 وزراء شامل ہوئے۔

کسی بہانے اجلاس ملتوی کرنے کی تجویز

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ اسپیکر کسی نہ کسی بہانے اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ملتوی کرے، اسپیکر یا تو ووٹنگ کے دوران گنتی درست نہ کرے یا کوئی بہانہ بنائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منحرف ارکان کے گھر جا کر ان کے خلاف نعرے لگائے جائیں اور دباؤ ڈالا جائے، آئینی اداروں پر پی ٹی آئی کی حمایت کے لیے دباؤ ڈالا جائے، حکومت کے خلاف سازش کرنے والوں پر آرٹیکل 6 کی کارروائی کی جائے۔

اٹارنی جنرل اور اسپیکر کی مخالفت

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے اٹارنی جنرل اور اسپیکر سے زبردستی مطالبہ کیا، تاہم اٹارنی جنرل اور اسپیکر نے کوئی بھی غیر قانونی قدم اٹھانے کی مخالفت کی۔

ایمرجنسی نافذ کرنے کیلئے بہانہ بنانے کی تجویز

ذرائع نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے ایسی کوئی وجہ یا بہانہ بنائیں تاکہ ہمیں وقت مل جائے۔

وزیرِ اعظم کی صدر کو ہدایات

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھی تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے لیے اعتماد کا ووٹ جلد نہیں ہونا چاہیے، اس میں حتی الامکان تاخیر کی جائے، اگلا اسمبلی اجلاس عدم اعتماد کے ایک ماہ بعد بلایا جائے، صدر نئے وزیرِ اعظم کے انتخاب تک مجھے ہی کام جاری رکھنے کی ہدایت کریں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ تحریکِ انصاف اپنے کارکنان کو اسلام آباد لائے گی۔

قومی خبریں سے مزید