• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’چوہدری اینڈ سنز‘‘جیو انٹرٹینمینٹ کا ناظرین کیلئے رمضان کا شگفتہ تحفہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)رمضان کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کے ساتھ ہی رمضان کے لیے کی خصوصی نشریات اور خصوصی ڈرامے بھی ٹی وی اسکرین کی زینت بن گئے ہیں۔ان ڈراموں میں خاص اہتمام کیا جاتا ہے کہ ان میں شگفتگی اور مزاح موجود ہو تاکہ ناظر سال بھر کی سنجیدگی سے نکل کر ایک ماہ تو شگفتہ شگفتہ ڈراما سے لطف حاصل کر سکے۔ایسا ہی ایک ڈراما جیو ٹی وی سے شروع ہوا ہے جس کا نام ہے ’چوہدری اینڈ سنز۔ ‘ڈراما ابھی اپنی ابتدا میں بتا رہا ہے کہ کہانی میں کچھ مزے کی سی صورت حال پیش آنے والی ہے۔ ایک حیدر آباد کی لڑکی ہے تو ایک ہوشیار پور کے چوہدری کا پوتا ہے، جو برسوں سے ایک ہی جماعت میں پاس نہیں ہو رہا۔’چوہدری اینڈ سنز‘ میں چوہدری کا کردار سہیل احمد ادا کر رہے ہیں ۔ نور ان کے بیٹے کے کردار میں اپنی انفرادیت سے داد وصول کر رہے ہیں۔ ڈرامے کی ہیروئن پری کی دادی ایک جاندار کردار ہے۔ڈائجسٹ پڑھنے والی دادی ان کہانیوں سے زندگی کشید کر رہی ہیں۔ وہی زندگی وہ پوتی میں منتقل کر رہی ہیں جس کے والدین نہیں رہے۔اس صورت حال کو طربیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔پری اور داری کی محبت اور چوہدری اور بلو کی محبت میں وہ خاندانی نظام دکھائی دیتا ہے جو اب خواب بن گیا ہے۔ ارسہ غزل، شگفتہ اعجاز کافی مننفرد انداز میں جلوہ گر ہوئی ہیں۔ ایک نٹ کھٹ دادی، ایک چلبلی سی ڈاکٹر۔حیدر آباد دکن ، حیدر آباد، ہوشیار پور اور لاہور سے کراچی کے تہذیبی منظر نامے سے مکالموں کی بنت ہوئی ہے، جس میں انگریزی میڈیم کا تڑکہ لطف دے رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ صائمہ اکرام چوہدری کا قلم اور پروڈکشن ٹیم کا جادو کیسے چلتا ہے، پری اور بلو کبھی پاس ہوں گے یا نہیں، دادی کی زندگی میں پری کی شادی ہو گی یا نہیں، اور ہو گی تو کیسے ہو گی؟

دل لگی سے مزید