• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرح خان نے اپنے اوپر لگنے والے کرپشن کے الزامات پر کیا کہا؟

کرپشن کے الزامات کے باعث سرخیوں کا حصہ بننے والی خاتونِ اول کی قریبی دوست فرح خان نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات پر ردعمل دیا ہے۔

فرح خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پیغام جاری کیا، انسٹاگرام پر فرح نے اپنے اوپر الزامات کی تردید انگریزی جبکہ ٹوئٹر پر اردو میں تحریر کر کے جاری کی۔

فرح خان نے کہا کہ ’میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام تر الزامات کی تردید کرتی ہوں، نہ میرا سیاست سے کوئی تعلق ہے اور نہ کبھی سرکاری کام کے معاملات میں مداخلت کی ہے۔‘

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ ’میرے کردار پر غلیظ کیچڑ اُچھالنے والوں کی اپنی بھی بہن بیٹیاں ہیں، میرے بزنس کے بارے میں پہلے بھی میرے شوہر وضاحت دے چکے ہیں۔‘

فرح خان نے لکھا کہ ’جن لوگوں کو میرے ساتھ منسوب کیا گیا ہے وہ بھی اس کی تردید کرچکے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ میری فیملی ان الزامات کو سُن کے سکتے اور صدمے کی کیفیت میں ہے۔

اسکرین گریب، فرح خان انسٹاگرام
اسکرین گریب، فرح خان انسٹاگرام

فرح خان نے یہ اپیل بھی کی کہ سنی سنائی باتوں پر انہیں بدنام نہ کیا جائے۔

فرح خان کرپشن معاملہ ہے کیا؟

فرح خان کی کرپشن کی داستانیں ناصرف اپوزیشن بلکہ گھر کے بھیدی عبدالعلیم خان بھی سناتے دکھائی دیتے ہیں۔

فرح خان کے مہنگے لگژری برانڈڈ جوتوں کی بات ہو یا ہینڈ بیگ کا معاملہ، سب کی ہی توجہ اس جانب ہے اور فرح خان کی کرپشن نے ہر جانب ہل چل مچا دی۔

دوسری جانب کہا یہ جارہا ہے کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان کی دولت میں عمران خان کے دور حکومت میں چار گنا اضافہ ہوا۔

2017 میں ان کی جانب سے ظاہر کی گئی مجموعی دولت 23 کروڑ 16 لاکھ روپے تھی جو کہ 2021 تک 97 کروڑ 10لاکھ روپے تک پہنچ چکی تھی۔

فرحت شہزادی جو کہ فرح گجر اور فرح خان کے نام سے بھی معروف ہیں، وزیراعظم عمران خان کی بشریٰ بی بی سے شادی کی تقریب بھی فرحت شہزادی کے گھر منعقد ہوئی تھی۔

اپوزیشن رہنمائوں اور عمران خان کے قریبی ساتھی علیم خان نے فرح خان پر سنگین کرپشن کے الزامات عائد کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب میں ہر تقرری و تبادلے پر فرح خان لاکھوں روپے وصول کرتی تھی۔

دی نیوز کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمران خان کے عثمان بزدار کو صوبہ پنجاب کا وزیراعلیٰ بنانے کے بعد سے فرح خان کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

اس دوران فرح نے مختلف شہروں میں متعدد جائیدادیں خریدیں اور مختلف کاروباری شعبوں میں لاکھوں روپے کی سرمایہ کاری کی۔

خاص رپورٹ سے مزید