• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریف برادران سے پہلے بھی کبھی دو بھائی وزیر اعظم بنے؟

میاں محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 23ویں وزیراعظم کا حلف اٹھایا اس سے قبل اُن کے بڑے بھائی نواز شریف بھی عدالتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھال چکے ہیں۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ عالمی تاریخ میں ایسے مواقع کتنی مرتبہ آئے ہوں کہ دو بھائیوں نے ایک ہی ملک کا وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل کیا ہو؟

تھامس اور ہینری

یہ بات ہے 1693 کی کہ جب برطانیہ کے پلہم خاندان کے ہینری ملک کے تیسرے وزیراعظم بنے، اور ہینری کے انتقال کے محض 10 روز بعد ہی ان کے بڑے بھائی تھامس نے ملک کے چوتھے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا۔

تھامس اور ہنری کے پاس عالمی دنیا میں یکے بعد دیگرے وزیراعظم بننے کا ریکارڈ ہے، بڑے بھائی تھامس کو ڈیوک آف نیو کیسل کا اعلیٰ خطاب بھی دیا گیا تھا۔

نواز شریف اور شہباز شریف

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف اور نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف مواقعوں پر ملک کا وزیراعظم ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

عمر میں وزیراعظم شہباز شریف سے محض دو برس بڑے 72 سالہ نواز شریف ملک کی سیاسی تاریخ میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں۔

 شریف خاندان کے میاں نواز شریف کو 3بار وزیراعلیٰ پنجاب اور 3 مرتبہ وزیراعظم پاکستان رہنے کا اعزاز حاصل ہے جو اب تک ایک ریکارڈ ہے۔

عالمی سیاست کی تاریخ میں یکے بعد دیگرے تھامس اور ہینری کے وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک ایسا موقع نہیں دیکھنے میں آیا کہ دو بھائی اس منصب پر فائز ہوئے ہوں۔

گزشتہ روز شہباز شریف نے تین صدیاں گزرنے کے بعد بڑے بھائی کے بعد خود وزیراعظم بننے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے چند عالمی رہنما

یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ دنیا بھر میں ایک ہی خاندان کے لوگوں کا اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونا عام بات ہے، اس معاملے میں امریکا کا بُش خاندان کافی مقبول ہے، امریکا میں باپ بیٹا جارج ایچ ڈبلیو بُش اور جارج ڈبلیو بُش صدر بن چکے ہیں۔

موجودہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا تعلق بھی ایک سیاسی گھرانے سے ہے، جسٹن ٹروڈو سے قبل ان کے والد وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھال چکے ہیں۔

سری لنکا کی بات کی جائے تو دو بھائی مہنداراجا پاکسے گوتابایا راجا پاکسے کو بیک وقت ملک کا وزیراعظم اور صدر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

ماضی میں پولینڈ کے جڑواں بھائی بھی صدر اور وزیراعظم رہنے کا ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔

پاکستان کے سیاسی خاندان:

پاکستان کی بات کی جائے تو پنجاب کے سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے چوہدری شجاعت حسین وزیراعظم رہ چکے ہیں جبکہ ان کے کزن چوہدری پرویز الہی بھی ڈپٹی پرائم منسٹر کا عہدہ اپنے پاس رکھنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ اب ان کے بچے بھی سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں۔

سندھ کے موجودہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی ایسے ہی ایک گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے قبل ان کے والد عبداللہ شاہ بھی سندھ کی وزارت اعلیٰ سنبھال چکے ہیں۔

شہباز شریف نے تو بھٹو خاندان کا بھی ریکارڈ برابر کردیا

شہباز شریف نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا حلف اُٹھا کر بھٹو خاندان کا ایک سے زائد افراد کے وزیراعظم منتخب ہونے کا ریکارڈ بھی برابر کیا۔

بھٹو خاندان کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ ایک سے زائد افراد ملک کے صدر اور وزیراعظم کے اعلیٰ ترین حکومتی عہدوں پر فائز رہے۔

پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو صدر پاکستان اور 2مرتبہ وزیراعظم جبکہ اُن کی صاحبزادی محترمہ بینظیر بھٹو بھی 2مرتبہ ملک کی وزیراعظم رہیں۔

 اِن کے علاوہ ذوالفقار علی بھٹو کے داماد اور محترمہ بینظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری بھی صدر پاکستان رہے۔

خاص رپورٹ سے مزید