• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف الائچی کو فروغ دے رہا تھا، تمباکو مصنوعات کو نہیں، اجے دیوگن

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار اجے دیوگن جو ایک طویل عرصے سے تمباکو برانڈ سے وابستہ رہے ہیں انہوں نے تمباکو اشتہار کے حوالے سے جاری تنازع پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اپنا دفاع کرتے ہوئے اجے نے اپنی برانڈ ایسوسی ایشن کو ذاتی پسند قرار دیا۔بولی وڈ سپر اسٹار اکشے کمار کی جانب سے تمباکو برانڈ کے اشتہار میں کام کرنے پر معافی مانگنے کے بعد اجے دیوگن، جو اس وقت اپنی فلم رن وے 34 کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں، نے تمباکو کمپنی سے اپنی وابستگی کا دفاع کیا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں لوگوں کی جانب سے تمباکو کمپنی کے اشتہار میں اکشے کمار کے شامل ہونے پر اکشے کمار کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اجے دیوگن ایک طویل عرصے سے اس برانڈ کے ساتھ اس قدر وابستہ ہیں کہ وہ اب اس برانڈ کا ایک اہم چہرہ بن گئے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق رن وے34 کے لیے پریس بات چیت کے دوران جب اداکار سے اشتہار کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اسے ذاتی پسند قرار دیتے ہوئے اشتہار کے حوالے سے جاری تنقید پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگ اکثر کسی چیز کی وجہ سے ہونے والے اثرات سے پوری طرح آگاہ ہونے کے بعد ہی قدم اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے ذکر کیا کہ وہ صرف ʼالائچی کو فروغ دے رہے تھے، تمباکو کی مصنوعات کو نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایسی مصنوعات غیر ضروری ہلچل کا باعث بنتی ہیں تو اشتہارات سے زیادہ ایسی مصنوعات کی فروخت پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔

دل لگی سے مزید