• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت کا بچپن میں جنسی ہراسانی کا نشانہ بننے کا انکشاف

بالی ووڈ کوئن کنگنا رناوت نے بچپن میں ایک لڑکے کے ہاتھوں جنسی ہراسانی کا نشانہ بننے کا انکشاف کیا ہے۔

اپنے شو، لاک اپ کے تازہ قسط کے دوران کامیڈین منور فاروقی نےکنگنا رناوت کے سامنے بچپن میں رونما ہوئے جنسی استحصال کا تذکرہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب میں 6 یا 7 سال کا تھا تو رشتے دار نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا، یہ عمل 4 سے 5 سال تک جاری رہا۔

منور فاروقی نے شو کے دوران بتایا کہ چوتھے سال تو یہ عمل اپنی انتہا تک پہنچ گیا،جس کے بعد میں نے محسوس کیا کہ اسے روکا جانا چاہیے۔

کامیڈین نے مزید بتایا کہ میں نے یہ بات آج سے قبل کبھی کسی کے ساتھ شیئر نہیں کی کیونکہ مجھے اُن کا سامنا بھی کرنا پڑتا، مجھے لگا کہ اسے بتانے کا کوئی فائدہ بھی نہیں ہے۔

منور فاروقی نے یہ بھی کہا کہ مجھے لگتا تھا کہ یہ بات میرے والد کو معلوم تھی، لیکن یہ بات میں واضح طور پر نہیں کہہ سکتا۔

اس پر کنگنا رناوت نے کہا کہ منور ہر سال بہت سے بچے اس طرح کی ہراسانی سے گزرتے ہیں، لیکن عوام میں اس موضوع پر بات نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بچپن میں ہر کسی کو نامناسب انداز میں چھوا گیا ہوتا ہے، اس کا تجربہ مجھے بھی ہے، میرے شہر میں جب میں چھوٹی تھی تو وہاں کے مجھ سے بڑی عمر کے ایک لڑکے نے ایسا ہی کچھ میرے ساتھ بھی کیا۔

کنگنا رناوت نے یہ بھی کہا کہ اس وقت مجھے نہیں معلوم تھا اس کا مطلب کیا ہے، کسی کا خاندان کتنا ہی محفوظ کیوں نہ ہو، بچے کو اس سے گزرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ درست نہیں کہ ہم بچوں کو کہیں کہ وہ خود اس نوعیت کے واقعات کے ذمے دار ہیں، ہمیں انہیں گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کے بارے میں آگاہی دینی چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر ہم ایسا نہیں کریں گے معاشرہ بڑے بحران کا شکار ہوگا، بچے اس سے تکلیف اٹھائیں گے اور یہ زخم زندگی بھر نہیں بھریں گے۔

انہوں نے اس دوران منور فاروقی کی بہادری کی تعریف کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید