• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر پر واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں چاہے ایلون مسک تاحیات پابندی ہٹا بھی دیں۔

امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگلے ہفتے سے میں اپنا ’ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم‘ استعمال کرنا شروع کردوں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ٹوئٹر پر نہیں جارہا بلکہ ’ٹرتھ‘ پر ہی رہنا چاہوں گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایلون ایک اچھا آدمی ہے، مجھے امید ہے کہ ایلون مسک ٹوئٹر میں بہتری لے آئے گا۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متعدد ٹوئٹس کی گئی تھیں جن میں انہوں نے کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے والے لوگوں کو محبِ وطن کہہ کر پکارا تھا، جس کے بعد ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے ان پر پابندی لگا دی تھی۔

ٹرتھ سوشل کیا ہے؟

ایک برس قبل ڈونلڈ ٹرمپ پر تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے پابندی عائد کی گئی تھی تو سابق امریکی صدر نے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹرتھ سوشل‘ کے نام سے ایک ایپ معتارف کرائی تھی۔

ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر خرید لیا

خیال رہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے درمیان 44 ارب ڈالر میں فروخت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر نے ایلون مسک کی 54.20 ڈالر فی شیئر میں خریدنے کی پیشکش قبول کرلی ہے۔

معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد سب سے بڑے شیئر ہولڈر بھی بن گئے۔رپورٹس کے مطابق یہ اب تک کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سےبڑا سودا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید