• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محنت کشوں کی ترقی کے بغیرحقیقی ترقی ادھوری ہے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ محنت کشوں کی ترقی کے بغیر دنیا کی حقیقی ترقی ادھوری ہے۔

مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی یومِ مزدور پر پاکستان اور پوری دنیا کے محنت کشوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ دن شکاگو کے ان مزدوروں کی یاد میں منایا جاتا ہے جن کی قربانیاں اب عالمی تحریک بن چکی ہیں، دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مزدوروں کی صحت اور حفاظت کے لیے آئی ایل او کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، مزدور اور محنت کشوں میں پڑھے لکھے، ناخواندہ، ہنر مند اور غیر ہنر مند شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مزدور کسی بھی ملک اور معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ نے مزدور کو اپنا دوست قرار دیا ہے۔

وزیرِ اعظم نےکہا کہ حکم ہے کہ مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری ادا کی جائے، یہ اسلام میں مزدوروں کی حیثیت اور ان کے معاشی حقوق کی واضح تعریف ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی میں نے چارج سنبھالا، ہم نے کم از کم اجرت بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی، مزدوروں کے مسائل ہر سطح پر حل کرنے کے لیے ہم پُرعزم ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ اسلام، آئینِ پاکستان اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کے حالات بہتر بنائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید