• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد پر اینٹی کرپشن کا چھاپا، ریکارڈ تحویل میں

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد میں کروڑوں کی مبینہ خورد برد پر اینٹی کرپشن نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ گزشتہ روز اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ایسٹ زون نے اسپتال میں چھاپہ مارکر ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا اور اسپتال میں ریٹائرمنٹ کے بعد غیر قانونی طور پر تعینات ڈاکٹر عبدالناصر بھٹی، اسٹور کیپر محمد ماجد اور پرچی کلرک رئیس کو اپنے ہمراہ لے گئے جنہیں بعد ازاں چھوڑ دیا گیا۔ کیس کے تفتیشی افسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرحیم قریشی نے جنگ کو بتایا کہ اسپتال میں ادویات کے بجٹ میں کروڑوں کی خورد برد پر تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ سے تحریری طور پر تین بار ریکارڈ طلب کیا تھا لیکن ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا نہ ہی کوئی جواب دیا گیا جس پر چھاپہ مارا ۔ اسپتال کے تین ملازمین کی گرفتاری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کو اس لیے ساتھ لایا جاتا ہے تاکہ وصول شدہ دستاویزات کا اندراج ان کی موجودگی میں کیا جاسکے اور بعد ازاں دستاویزات میں کمی کا الزام اینٹی کرپشن پر نہ لگایا جاسکے ۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ تحقیقات میں اگر خورد برد ثابت ہوگئی توان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید