• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب کو ہٹانے کا فیصلہ، الیکشن اصلاحات کے بعد، وفاقی کابینہ، حکومت اگست 2023ء تک آئینی مدت پوری کرے گی، اتحادیوں کا اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، خبرایجنسی)وفاقی کابینہ نے کہاہےکہ اصلاحات کے بغیر فوری الیکشن نہیں ہونگے،کابینہ نے نیب کو کا لا قانون قرار دے کر اس میں ترامیم کیلئےوزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے جس میں وکالت ، بینکاری ، بیوروکریسی اور دیگر شعبوں سے منسلک نامور شخصیات بھی شامل کی جائینگی.

کابینہ نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق ٹاسک فورس قائم کرنے،75 ویں یوم آزادی پر یادگاری نوٹ ڈیزائن کرنے، ایگرو بیسڈ صنعت کے فروغ کیلئے کمیٹیاں تشکیل دینے کی منظوری دیدی جبکہ درآمدات کم اور برآمدات بڑھانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنیکی ہدایت بھی کی.

 ادھر اتحادیوں نے وزیر اعظم کو سخت فیصلوں کا بوجھ اٹھانے کی یقین دہانی کروادی اور اس بات پر اتفاق کیاکہ حکومت اگست 2023 تک آئینی مدت پوری کریگی، اجلاس میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی غور کیا گیا.

 ذرائع کاکہناہےکہ حکومت نے تکنیکی بنیادوں پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ کرپشن کے نام پرنیب کارروائی کا دائرہ کار تبدیل کرنے کیلئے نیب آرڈیننس میں 31ترامیم تیار کرلی گئی ہیں اور کرپشن کیسز میں نااہلی 10سال کے بجائے 5سال کیلئے ہوگی اور 5 سال بعد الیکشن لڑا جاسکے گا،ترمیم کے مطابق کرپشن کیس میں سزا پر اپیل کاحق ختم ہونے تک عوامی عہدے پر فائز رہا جاسکے گا۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدار ت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ ملک میں شدید گرمی کی لہر کا سامنا ہے جس کیلئے خصوصی ٹاسک فورس وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے زیر انتظام تشکیل دی گئی ہے ۔

 یہ ٹاسک فورس ماحولیاتی تبدیلیوں کے تدارک کیلئے اقدامات لے گی تاکہ پاکستان کو درپیش خطرات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ کابینہ اجلاس میں نیب ترامیم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ کابینہ نے نیب ترامیم کیلئے وزیرقانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔

اس کمیٹی میں وکالت ، بینکاری ، بیوروکریسی اور دیگر شعبوں سے منسلک نامور شخصیات بھی شامل کی جائیںگی۔ کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر75 ویں یوم آزادی اور اسٹیٹ بینک کے قیام کی مناسبت سے یادگاری بینک نوٹ کے ڈیزائن کی منظوری دی۔ وزارت کامرس نے کابینہ کو برآمدات ، درآمدات اور تجارت کے توازن کے حوالے سے تفصیلی تجزیہ پیش کیا-

 کابینہ نے وزارت کامرس کو ہدایت کی کہ درآمدات کم کرنے ، برآمدات بڑھانے اور Import Substitutionکے حوالے سے مفصل لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ Agro-based صنعت کے فروغ ، فصلوں سے پیداوار بڑھانے اور ان کو برآمد کرنے کیلئے کابینہ نے خصوصی پالیسی ساز کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ کمیٹی میں وزیر تجارت ، وزیر صنعت و پیداوار، وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اور انہی ڈویژنز کے سیکرٹریز شامل ہوں گے ۔

 وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اس کمیٹی کا اجلاس آج ہی بلایا جائے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام نے کابینہ کو سافٹ ویئر برآمدات بڑھانے کے حوالے سے سفارشات پیش کیں۔

وزیراعظم نے آئی ٹی برآمدات کا ہدف 15 ارب ڈالر مقرر کیا ہے۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مورخہ16مئی 2022ء کو منعقدہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مورخہ16مئی 2022ء کو منعقدہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

اہم خبریں سے مزید