• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم کے پھل کھانا صحت کے لیے بہت مفید ہوتا ہے۔ گرمیوں کا ایک پھل آڑو ہماری صحت کو بے شمار فوائد دیتا ہے۔ آڑو کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے، جو جسم میں گرمی کی شدت کم کرتی ہے۔ گرمیوں میں لُو کے سبب بھوک نہ لگنے کا علاج بھی آڑو سے ممکن ہے۔ ایک مکمل خوراک سمجھا جانے والا کھٹا میٹھا اور مسحورکن مہک سے لبریز آڑو ہر کسی کی پسند ہوتا ہے۔ آڑو کی 100 گرام مقدار میں 39 کیلوریز پائی جاتی ہیں۔ 

ماہرین غذائیت کے مطابق کیلوریز میں نہایت کم اور فائبر سے بھرپور آڑو میں وٹامن اے، کے، ای، فولیٹ، آئرن، میگنیشیم، پوٹاشیم، کاپر، زنک اور مینگنیز وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس میں موٹاپے اور جسم میں سوزش سے بچاؤکی خاصیت موجود ہوتی ہے۔ آڑو مکمل طور پر ہمارے جسم کی بہتری کے لیے فائدہ مند مرکب کے ساتھ حیرت انگیز طور پر کام کرتا ہے۔ آئیے آڑو کے طبی فوائد پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

قلب کیلئے مفید

آڑو میں فائبر کی زائد مقدار جسم میں خراب کولیسٹرول کو کم کرنے اور اچھے کولیسٹرول کو بڑھانے میں مدد کرتی ہے۔ آڑو کھانے سے نظامِ قلب بہتر اندازسے اپنے افعال انجام دیتا ہے اور یوں انسان دل سے متعلق متعدد شکایات سے محفوظ رہتا ہے۔ غذائی ماہرین کے مطابق دل کی صحت برقرار رکھنے کے لیے روزانہ 3سے 4 آڑو کھانا مفید ہے۔

خون بنانے میں مددگار

قدرتی طور پر آڑو میں خون بنانے کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ آڑو جسم میں خون بڑھاتا اور جسم میں موجود مضرِ صحت مواد سے لڑنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ آڑو، بیٹا کیروٹین کے مجموعے کے ساتھ جسم کے تمام حصوں میں خون کی گردش کو بڑھاتا ہے۔

گردوں کے افعال

روزانہ کی بنیاد پر انسانی جسم کو کئی زہریلے مادوں اور ایجنٹس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آڑو،جسم میں موجود زہریلے مادوں کے خاتمہ کے لیے بہترین پھل ہے۔ ان زہریلے مادوں کا کام گردوں پر اضافی دباؤ ڈالنا اور اس کے نظام کو روکنا ہے۔ آڑومیں موجود غذائی ریشہ اور پوٹاشیم گردوں کو بہتر انداز میں اپنے افعال انجام دینے کے قابل بناتے ہیں۔ گردوں کی روایتی طریقے سے صفائی کے لیے آڑو کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنانا چاہیے۔

آنکھوں کی بینائی

طبی ماہرین نے آنکھوں کی بینائی بہتر بنانے کے لیے گاجر کے علاوہ آڑو کی افادیت کو بھی تسلیم کیا ہے۔ گاجر چونکہ سردیوں میں آتی ہے، لہٰذا گرمیوں میں آڑو سے بینائی میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ آڑو میں وٹامن اے کی بھرپور مقدار ہونے کے ساتھ آئرن، میگنیشیم، پوٹاشیم، مینگنیز، زنک اور کاپر بھی ہوتے ہیں، جو آنکھوں کو مخصوص غذائی اجزاء فراہم کرکے آنکھوں کی بینائی بہتر بناتے ہیں۔ 

عمر اور دیگر عوامل انسان کی نظر کو نمایاں طور پر متاثر کرتے ہیں لیکن آڑو کھانے سے نقصان دہ عناصر کا بہتر طریقے سے مقابلہ کرنے کی طاقت ملتی ہے۔ اس میں موجود بیٹا کروٹین آنکھوں کے پٹھوں کی فعالیت بہتر بناتا ہے۔ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں اور جھریوں کے خاتمے کے لیے بھی آڑو کھانا نہایت مفید ہے۔

جِلد کی بہتری

آڑو میں موجود وٹامن اے جِلد کے لیے بھی کافی مفید ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس پھل میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس عمر بڑھنے کے عمل کو سست کرتے ہیں۔ آڑو میں وٹامن اے، سی، اور فائٹونیوٹریٹیئنٹ کا مجموعہ صاف اور صحت مند جِلد یقینی بناتا ہے۔ 

موسم گرما میں روزانہ آڑو کھانے سے جِلد صاف اور کیل مہاسوں سے پاک ہو جائے گی۔ آڑو جِلد کی حفاظت کرتے ہوئے ان وجوہات کو روکتا ہے، جن سے چہرے کو نقصان پہنچتا ہے۔ بالوں، ناخنوں اور توانائی میں اضافے کے لیے بھی آڑو بے حد مفید ہے۔

موٹاپے سے نجات

آڑو غذائیت سے بھر پور پھل ہے، جس میں کم کیلوریز پائی جاتی ہیں جبکہ چربی (فیٹ) کی مقدار بھی صفر کے قریب ہے۔ یہ پھل وزن کم کرنے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے کافی فائدے مند ثابت ہوسکتا ہے۔ اگر اسے فروٹ سلاد کے طور پر استعمال کیا جائے تو وزن میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے۔ آڑو کو اپنی خوراک کا حصہ بناکر وزن کم کرنے کے عمل کے دوران کمزور ہوئے بغیر جسم کی اضافی چربی سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔

ذیابطیس

آڑو ذیابطیس کے مرض کے لیے بھی مفید ہے۔ تحقیق کے مطابق آڑو میں ریشے کی بھرپور مقدار ہونے کے باعث ذیابطیس ٹائپ1میں یہ خون میں شوگر کی سطح کم کرتا ہے جبکہ ذیابطیس ٹائپ2 میں بلڈ شوگر میں لیپڈز اور انسولین کی سطح میں بہتری لاتا ہے۔ تاہم، ذیابطیس کے مریض اپنے معالج کی ہدایات کے مطابق آڑو کھائیں۔

دیگر طبی فوائد

٭ آڑو سے معدے کو طاقت ملتی اور قبض کی شکایت دور ہوتی ہے۔

٭ گرمی کے بخار میں متاثرہ مریض کو آڑو کھلانے سے طبیعت میں بہتری آتی ہے۔

٭ آڑو مفید اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی کا بہترین ذریعہ ہیں، انہیں کھانے سے کینسر سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔

٭ آڑو جگر کی صحت کے لیے مفید ہونے کے ساتھ بیماریوں کے سبب ہونے والی موت کے خطرات کو بھی کم کرتا ہے۔

٭ ماہرین کا کہنا ہے کہ آڑو کے غذائی اجزاء السر کو بڑھنے سے روکتے ہیں۔

٭ یہ مدافعتی نظام کے لیے بوسٹر کے طور پر کام کرتا ہے۔

٭ آڑو کا رس دانتوں پر ملنے سے دانت مضبوط اور منہ کی بدبو دور ہوتی ہے۔

صحت سے مزید