پاکستانی ٹریول وی لاگر ابرار حسن عُمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے موٹرسائیکل پر سعودی عرب پہنچ گیا۔
صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے ٹریول وی لاگر ابرار حسن 80 سے زائد ممالک کا سفر کرچکے ہیں، ان میں سے کم از کم 12 ممالک کا سفر، اُنہوں نے اپنی موٹر سائیکل پر کیا۔
حال ہی میں اُنہوں نے اپنے تازہ ترین ایڈونچر کے لیے موٹر سائیکل پر سعودی عرب کا سفر کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ عمرے کی زیارت کے اپنے ’سب سے بڑے خواب‘ کو پورا کیا جاسکے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کوانٹرویو دیتے ہوئے ابرار حسن نے کہا کہ ’موٹر بائیک پر سعودی عرب کا سفر کرنا ہمیشہ سے میرا خواب تھا اور یہ اس سال پورا ہوا، شاید کچھ احساسات ہیں جو آپ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے، لہٰذا میرے لیے یہ سب کچھ غیر حقیقی رہا ہے اور مجھے اس سفر کا ایک ایک لمحہ بہت پسند تھا۔‘
ابرار حسن نے رواں سال 9 فروری کو پنجاب میں اپنے آبائی شہر ننکانہ صاحب سے مقدس شہر کے لیے اس مہم کا آغاز کیا اور 27 مارچ کو مدینہ منورہ پہنچنے کے ساتھ ہی موٹر سائیکل پر 50 دن کا سفر مکمل کیا۔
وی لاگر نے کہا کہ ’سرحدوں کو عبور کرنا اور راستے میں بہت سارے لوگوں سے ملنا ایک حیرت انگیز تجربہ تھا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے رمضان کے بابرکت مہینے کے آغاز سے پہلے مدینہ منورہ پہنچنا تھا تاکہ میں پہلا روزہ وہاں رکھ سکوں اور میرا یہ خواب پورا ہوا۔‘
اپنے تجربے کے بارے میں ابرار حسن نے مزید کہا کہ ’مجھے اس وقت جو محبت مل رہی ہے وہ ناقابلِ یقین ہے۔‘
پیشے کے لحاظ سے ابرار حسن ایک مکینیکل انجینئر ہیں اور ایک جرمن کمپنی سے وابستہ ہیں۔