وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ پر حکومت کی حکمتِ عملی سے متعلق سوال پر دلچسپ جواب دے دیا۔
خواجہ آصف پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے اور میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی، اس دوران ان سے سوال کیا گیا کہ حکومت کیا حکمت عملی اپنائے گی، کیا لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے دیا جائے گا؟
وزیر دفاع نے اس سوال کا دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ لاہور والوں کو پتہ ہوگا۔‘
ایک اور سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے قوم سے خطاب کا مجھے کوئی علم نہیں۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا قبل ازوقت انتخابات دیکھ رہے ہیں؟ اس پر خواجہ آصف نے کہا کہ مجھ کچھ علم نہیں، تین دن سے سیالکوٹ میں تھا۔
خواجہ آصف نے ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ سب ادارے آئین کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔