کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر بلوچ نےکہا ہے کہ مرکزی کور کمیٹی کے فیصلے کے تناظر میں 25 مئی کو کوئٹہ میں بھی پرامن احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ، پاکستان کے عوام نے اقتصادی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیے امریکی امپورٹڈ وفاقی حکومت کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ، پاکستان آزاد خودمختار ریاست ہے اپنی پالیسیاں بنانے میں کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے ، یہ بات انہوں نےپیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر پارٹی کے نائب صدر نوابزادہ شریف جوگیزئی ، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ملک فیصل دہوار ، پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر خواتین ونگ منورہ منیر بلوچ ، ضلع کوئٹہ کے سینئر نائب صدر دائود خان پانیزئی ، سینئر نائب صدر عالم خان کاکڑ ، زلیخا عزیز مندوخیل ، ملک نصیب اللہ بیٹنی ، سردار زین العابدین خلجی ، سید صادق آغا ، اسرار خان کاکڑ ، نور خان اچکزئی ، عادل خان بازئی ، سید میر علی آغا سمیت آئی ایس ایف ، یوتھ ونگ ، وکلا ونگ کےعہدیدار اور رہنما بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کی مرکزی کور کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا جس میں تحریک انصاف کے صوبائی صدر سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری اور انہوں نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کے لئے قافلے نکلیں گے اسی دن 25 مئی کو بلوچستان اور سندھ کے مرکزی شہروں میں پرامن احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اس سلسلے میں کوئٹہ میں پرامن احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جس کے مقام کا تعین صوبائی اجلاس میں کیا جائے گا کوئٹہ کے دھرنے کا دورانیہ اسلام آباد کے مرکزی دھرنے سے منسلک ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم اقتصادی غلامی کی زنجیریں توڑ دیں گے اور بہت جلد ایک آزاد خودمختار مضبوط معیشت کے ساتھ دنیا کے نقشے پر ابھر آئیں گے ۔