• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، دولہے کی وِگ اتر گئی، دلہن نے شادی سے انکار کردیا

بھارتی ریاست اترپردیش میں ہونے والی شادی اُس وقت ہوتے ہوتے رُک گئی جب دُلہن پر دولہے میاں کے گنجے ہونے کا انکشاف ہوا۔

بھارتی ویب سائٹ ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق اتر پردیش کے شہر اناؤ میں دولہا باراتیوں کے ہمراہ شادی ہال پہنچا، شادی کی رسومات کے لیے منڈپ آتے ہوئے دولہا گر گیا اور اس کی وِگ اتر گئی جس پر ہال میں موجود سب ہی مہمانوں پر دولہے کے گنجے ہونے کا انکشاف ہوا۔

دولہے کے گنجے ہونے کی خبر دلہن تک پہنچی ہی تھی کہ دلہن نے شادی سے انکار کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اہل خانہ، رشتے داروں کی جانب سے دُلہن کو سمجھائے جانے پر بھی  اس نے ایک نہ مانی اور گنجے دولہے سے شادی سے انکاری رہی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دولہے نے دلہن کے گھر والوں کو اپنے گنجے ہونے سے متعلق اندھیرے میں رکھا ہوا تھا۔

شادی کا معاملہ مقامی پولیس تک پہنچنے پر بھی دُلہن اپنے فیصلے پر ڈٹی رہی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے  دلہن کے چچا کا کہنا تھا کہ دولہے کے گھر والوں کو یہ حقیقت نہیں چھپانی چاہیے تھی کہ دولہا گنجا ہے۔

دُلہن کے چچا نے مزید کہا کہ اگر دولہے والے ہمیں دولہے کے گنجے ہونےسے متعلق پہلے ہی بتا دیتے تو ہم دُلہن کو ذہنی طور پر تیار کر سکتے تھے، جھوٹ پر شادی جیسے رشتے کی بنیاد کیسے رکھی جا سکتی ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید