پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اس بات کے حامی ہیں کہ ٹیسٹ سیریز میں زیادہ ٹیسٹ میچز ہونے چاہئیں جبکہ ویمن کرکٹ کا دنیا میں بہت ٹیلنٹ ہیں ان کی سیریز زیادہ سے زیادہ کرانے کی ضرورت ہے۔
جیو نیوز کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اس وقت فرنچائز کرکٹ بہت زیادہ ہو رہی ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقبول بھی ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہو رہی ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی برقرار ہے، کیونکہ ٹیسٹ میچز میں بھی سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے ہو رہے ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میں اس بات پر زور دوں گا کہ سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے کی ضرورت ہے، ابھی ٹیسٹ میچز کم ہو رہے ہیں، 2 تین ٹیسٹ میچز کی بجائے سیریز میں تعداد 4 یا 5 ہونی چاہیے، اس سے ٹیسٹ میچز کی مقبولیت برقرار رہے گی اور جو خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فرنچائز کرکٹ سے ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہو جائے گی اس کی بھی نفی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ فرنچائز کرکٹ کھیلنے والوں کا بھی اتنا ہی امپیکٹ ہے جتنا ٹیسٹ کرکٹرز کا ہے۔
تینوں فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ویمن کرکٹ کو سب کی سپورٹ چاہیے، اس وقت ویمن لیگ کرکٹ ہونا شروع ہو گئی ہیں، ان کے ورلڈ کپ بھی باقاعدگی سے ہوتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ویمن کرکٹ کو سیریز کم ملتی ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ویمن کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے، انہیں کم مواقع ملتے ہیں اور ان کی باہمی سیریز زیادہ سے زیادہ ہونی چاہئیں، جتنی زیادہ بین الاقوامی سطح پر ویمن کرکٹ ہو گی اتنا ویمن کرکٹ کو فروغ ملے گا اور ویمن کرکٹرز میں جذبہ بڑھے گا۔
بابر اعظم کو امید ہے کہ اس حوالے سے فیصلہ سازی کرنے والے حکام ضرور دھیان دیں گے۔