اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کو سیاچن گلیشیئر سے فوجیوں کو واپس بلانے پر خاص طور پر غور کرنا چاہئے وہ پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ (پی سی آئی) نے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے تعاون سے اپنی نوعیت کی پہلی ’’گرین چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک) الائنس‘‘ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس کانفرنس میں 40سے زائد شرکاء نے شرکت کی اور اس میں 6مقررین شامل تھے جن میں، چین کی قائم مقام سفیر پانگ چنکسو، چائنہ تھری گورجز کارپوریشن کے سی ای او ژانگ جون، حبیب بینک لمیٹڈ کے سی ای او محمد اورنگزیب، سینیٹ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن سیمی ایزدی اور ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد سلہری شامل تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفیٰ حیدر سید نے ادا کئے۔ گرین سی پیک الائنس کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کی حکومتوں، سرمایہ کاروں اور ماہرین ماحولیات کے ساتھ سول سوسائٹی کی اس میں شرکت کو یقینی بنا کر پاکستان اور سی پیک منصوبوں میں سبز سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینا ہے۔