عالمی ادارہ صحت نے شمالی کوریا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف اقدامات کے دعوؤں پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ تقریباً دو ہفتے قبل بخار میں مبتلا افراد کی تعداد 3 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ جانے کے بعد ملک میں کورونا وبا کی لہر کی شدت میں کمی آگئی ہے۔
شمالی کوریا نے اب تک براہ راست اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ ملک میں کتنے لوگوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ماہرین صحت کی جانب سے شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا پر جاری کردہ اعداد و شمار میں بخار میں مبتلا مریضوں کی جو تعداد بتائی گئی ہے، یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر بتائی گئی یہ تعداد مریضوں کی اصل تعداد سے کم ہو۔
اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے شمالی کوریا میں پھیلاؤ سے متعلق اعداد و شمار کی عدم موجودگی کی وجہ سےصورتحال بہتر نہیں بلکہ مزید خراب ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ادارے کی شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے ذریعے رپورٹ کیے گئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق اعداد و شمار کے علاوہ ملک کی موجودہ صورتحال کا اندازہ لگانے کے لیے کسی بھی ذرائع تک رسائی نہیں ہے۔‘