• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گستاخانہ بیانات کیخلاف دنیا بھر میں احتجاج، بھارت میں مظاہرے بے قابو

نئی دہلی /ڈھاکہ(اے ایف پی /جنگ نیوز) بھارت میں گستاخانہ بیانات کیخلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، جمعے کو ہونےوالے مظاہرے بے قابو ہوگئے اور کئی شہروں میں دو طرفہ جھڑپوں کے دوران کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، مقبوضہ کشمیر میں نماز جمعہ سے مسلمانوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تاہم وادی میں کئی مقامات پر بھارت کیخلاف بھرپور احتجاج کیا گیا ۔ نماز جمعہ کے بعد بھارت کے کئی شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر آگئے اور گستاخی کیخلاف احتجاج کیا، احمد آباد میں شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی جبکہ کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں، اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش میں ایک لاکھ افراد سڑکوں پر آگئے اور بھارت مخالف احتجاج کیا ،ڈھاکہ میں مظاہرین نے گستاخی کے مرتکب بھارتی رہنمائوں کیلئے سزائے موت کا مطالبہ کیا ۔ادھر انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں بھی سیکڑوں افراد سڑکوں پر آگئے اور بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا، تفصیلات کے مطابق بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو رہنماؤں نوپور شرما اور نوین کمار کے متنازع بیانات کے بعد احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور جمعے کی نماز کے بعد دار الحکومت دہلی سمیت متعدد ریاستوں میں مظاہرے کیے گئے ہیں جن میں دونوں رہنماوں کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔جامع مسجد دہلی کے جنوبی دروازے کی سیڑھیوں پر ، جسے گیٹ نمبر ایک کہا جاتا ہے، بڑی تعداد میں لوگوں نے اکٹھے ہو کر مظاہرہ کیا۔

دنیا بھر سے سے مزید