ڈھاکہ (اے ایف پی) بنگلا دیش کی حکومت نے گزشتہ روز بتایا کہ پولیس نے ہندو مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے دوران ایک وکیل کے قتل کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ چٹاگانگ میں منگل کو تشدد کے دوران مزید 21افراد کو توڑ پھوڑ اور پولیس پر حملوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا ۔گرفتار کیے گئے 21افراد میں سے چھ حسینہ کی عوامی لیگ پارٹی اور اس کے کالعدم طلبہ ونگ چھاترا لیگ کے رکن ہیں۔ گزشتہ روز چٹاگانگ اور دارالحکومت ڈھاکہ دونوں میں امن رہنے کی اطلاعات ہیں۔ایک ریلی کے دوران قومی پرچم کی بے حرمتی کرنے کے الزام میں ایک دن پہلے گرفتار کیے جانے والے ہندو راہب چنموئے کرشنا داس برہمچاری کی ضمانت مسترد ہونے کےبعد ناراض حامیوں کاپولیس سے تصادم ہوا۔