کراچی سے لاہور جا کر ظہیر احمد نامی لڑکے سے پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کی والدہ نے پاکستان سے باہر جانے سے متعلق بیان پر اپنے داماد کو کرارا جواب دیا ہے۔
دُعا زہرا کی والدہ اور والد بیٹی کی شادی کو تاحال دباؤ اور مافیا کے ملوث ہونے کے نتیجے میں ایک جھوٹ قرار دے رہے ہیں۔
دو روز قبل دُعا زہرا اور شوہر ظہیر احمد کی جانب سے تفصیلی انٹرویو دیا گیا جس میں ظہیر کا کہنا تھا کہ وہ دُعا کو لیکر پاکستان سے باہر چلے جائیں گے۔
ظہیر احمد کے اس بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے دُعا زہرا کی والدہ نے کہا کہ ’بیٹا! آپ مجھ سمیت پورے پاکستان کے داماد بنے ہوئے ہو، ایک بات یاد رکھیں کہ ہم آپ کو پاکستان سے باہر تو جانے نہیں دیں گے‘۔
دُعا زہرا کی والدہ نے کہا کہ ایک تو آپ نے میری بچی کو اغوا کیا ہوا ہے، پورے پاکستان کو پاگل بنا رہے ہیں اور اب آپ بچی کو باہر لے جائیں گے، ایسا کبھی نہیں ہوسکتا، آپ اس غلط فہمی کو اپنے دماغ سے نکال دیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میری بیٹی گلی کے کونے تک اکیلی جا نہیں سکتی تھی، وہ لاہور کیسے چلی گئی۔
دُعا کی والدہ نے کہا کہ میں تین بچوں کی ماں ہوں، میں اپنے بھائی یا شوہر کے بغیر اکیلی لاہور نہیں جاسکتی تو اتنی چھوٹی بچی کیسے جاسکتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر ظہیر کے گھر والے شریف لوگ ہوتے تو جب بچی اُن کے پاس گئی تھی، اُنہیں ہم سے رابطہ کرنا چاہیے تھا کہ آپ کی بچی اس طرح آگئی ہے، اب بتائیں کہ ہم کیا کریں۔
دُعا کی والدہ نے مزید کہا کہ اگر وہ شریف لوگ ہوتے تو ہم بیٹی کی شادی کر دیتے لیکن وہ شریف تھے ہی نہیں، اُنہی کی وجہ سے یہ سب ہوا ہے۔