• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سربراہ اسٹریٹجک اصلاحات سلمان صوفی —فائل فوٹو
سربراہ اسٹریٹجک اصلاحات سلمان صوفی —فائل فوٹو

سربراہ اسٹریٹجک اصلاحات سلمان صوفی کا کہنا ہے کہ ہم نے ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، امید ہے کہ گرے لسٹ کے حوالے سے خوش خبری ملے گی۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سربراہ اسٹریٹجک اصلاحات سلمان صوفی نے کہا کہ بینکنگ نظام کو صاف شفاف بنایا جا رہا ہے، اگلے ہفتے بینکنگ ریفارم کا بھی اعلان کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کا آج آخری دن ہے، اس موقع پر پاکستان کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد آج فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان آج ہی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پُرامید

دفترِ خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پُر امید ہے کہ آج ہی پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف کے سربراہ کی طرف سے پریس کانفرنس میں فیصلے کا اعلان متوقع ہے۔

پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ خزانہ کے بجائے وزیرِ مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کر رہی ہیں۔

برلن میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کی کارکردگی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان نے اس بار سفارتی سطح پر ممبر ممالک کے سامنے غیر رسمی طور پر اپنی پوزیشن واضح کی۔

ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو 2 مرحلوں میں 34 نکات پر عمل درآمد کا کہا گیا تھا۔

گزشتہ اجلاس میں پاکستان نے 34 میں سے 32 شرائط پر پہلے ہی عمل درآمد کر دیا تھا، اس مرتبہ پاکستان نے تمام 34 نکات پر عمل درآمد کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی کارکردگی کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے ایف اے ٹی ایف کا وفد پاکستان بھیجا جا سکتا ہے۔

وفد کی طرف سے رپورٹ کا جائزہ لے کر اکتوبر میں پیرس میں ہونے والے اجلاس تک حتمی فیصلہ مؤخر کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک امکان یہ بھی ہے کہ کارکردگی کی بنیاد پر آج ہی پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کا اعلان کر دیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید