• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں بھی کاروباری مراکز رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ

صوبہ سندھ کے بعد اب پنجاب میں بھی مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے توانائی کی بچت کے لیے پنجاب کی تاجر برادری کے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد صوبہ بھر کی مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب بھر میں ریسٹورنٹس رات ساڑھے11بجے تک کھلے رہیں گے۔ شادی ہالز سابق پالیسی کے تحت رات 10 بجے تک کھل سکیں گے جبکہ ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی، میڈیکل اسٹورز پر 9 بجے بندش کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عید کی شاپنگ کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری سے مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا اور ان کے مطالبے پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تاجر برادری نے توانائی بحران میں حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور انرجی سیونگ کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیا ہے اور میں آج بھی حکومتی اقدامات کی غیر مشروط حمایت پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مشاورت میں برکت ہوتی ہے اور مشاورت سے کیے گئے فیصلوں کے ہمیشہ مثبت نتائج نکلتے ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے تاجر برادری کا کلیدی کردار ہے، ان کے جائز مسائل حل کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے دوران تاجر برادری کے عہدیداروں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تجاویز پیش کیں۔

خواجہ سلمان رفیق، خواجہ احمد حسان، رانا مشہود احمد، سید علی حیدر گیلانی، عطا تارڑ، چوہدری بلال اصغر، عمران گورایہ، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

قومی خبریں سے مزید