مانچسٹر( علامہ عظیم جی/ ہارون مرزا)نبی آخر الزماں حضور اکرم ﷺ کی حرمت پر بھارتی جنتا پارٹی کی ایک ترجمان کے نفرت انگیز حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، مودی سرکار جان بوجھ کر بھارت میں ہندونسل پرستوں کو تشدد پر اکسانے کے ساتھ مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی اور نفرت کے فروغ کی سوچی سمجھی سازش پر کاربند ہے، تمام مسلمان عالمی سطح پر بھارت کا بائیکاٹ کر کے جذبہ ایمانی کا ثبوت دیں، ان خیالات کا اظہار پاکستانی کمیونٹی سنٹر لانگ سائٹ مانچسٹر میں مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر و مسالک کے علمائے کرام کے مشترکہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا، جس کا اہتمام روحانی سکالر اور سینئر صحافی علامہ عظیم جی نے رفقا کے ہمراہ کیا تھا۔مرکزی جماعت اہلسنت یوکے کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انبیائے کرام اور مقدس ہستیوں کی توہین کا ارتکاب کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جانی چاہئیں، انہوں نے بھارت میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے پر بھارتی حکومت کیخلاف عالمی سطح پر موثر آواز بلند کرنے کا مطالبہ کیا، 404ماس لین مانچسٹر امام بارگاہ کے خطیب علامہ سید اظہر شاہ نقوی نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، اس کے لیے تمام مسلمان ممالک کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے، معر وف عالم دین علامہ سید فدا حسین بخاری نے کہا کہ بھارت میں حکمران جماعت کی ترجمان کی طرف سے نبی رحمت سرور کونین ﷺ کے خلاف گستاخی پر تمام اسلامی ممالک بھارت سے اپنے تعلقات منقطع کریں، عالم دیوبند حافظ مظہر حسین نے بھارتی حکومت کی طرف سے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم اور تشدد قابل مذمت ہے، تمام مسلمانوں کو بھارت کے خلاف نہ صرف آواز بلند کرنی چاہیے بلکہ موثر اقدام اٹھانا ضروری ہے ‘ خطیب دارالعلوم گھمگولیہ مانچسٹر علامہ عبد الغفور نے کہا کہ بھارت میں مسلم کش حکومت قائم ہے جو مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہی ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، پاکستانی کمیونٹی سنٹر مانچسٹر کے انتظامی سربراہ اور سمائیل ایڈ کے چیئرمین چوہدری محمد شہباز سرورنے کہا کہ مسلمانوں کو باہمی اتحاد قائم کر کے عالمی سطح پر اپنے وقار کو بحال کرنا چاہیے ‘ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو مانچسٹر میں اتحاد کا عملی مظاہرہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا، ممتاز شیعہ عالم حجتہ اسلام معظم حسین قمی نے کہا کہ مسلم امہ کے سربراہوں کو بھارت کے خلاف مشترکہ آواز بلند کرنی چاہیے،انہوں نے تمام مکاتب فکر کو ایک دوسرے سے قریبی روابط رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس عمل سے اتحاد امت کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے ‘ مسجد قبا سائوتھ مانچسٹر کے چیئرمین چوہدری غلام رسول نے کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف اقوام متحدہ اور او آئی سی کو سخت اقدام اٹھانے کی ضر ورت ہے، فیضان اسلام مانچسٹر کے خطیب مولانا محمد بخش نے کہا کہ محسن انسانیت کی شان میں گستاخی ناقابل قبول ہے ، بھارت اسلامو فوبیا سے نکلے دار العلوم گھمگمول جامع مسجد مانچسٹر کے سربراہ حاجی قربان نے خطاب کرتے ہوئے بھارتی حکومت کو انسانیت کش قرار دیا، جامع مسجد وکٹوریہ پارک کے امام قاری معین اخترنے بھارتی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ پر زور دیا ، قادریہ جیلانیہ اسلامک سنٹر کے امام حافظ نعمان قاضی نے کہا کہ بی جے پی کے عہدیداران کی ہرزہ سرائی ناقابل قبول ہے، اس سے پوری انسانیت اور مسلمانوں کو سخت اذیت پہنچی ہے، اس پروقار تقریب میں قاری جاوید اختر ‘حافظ نثار خان اور محمد قادری نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیں، اس موقع پر کمیونٹی رہنمائوں چوہدری نصیر احمد ساہیوال‘ محمد صفدر بلوچ ‘ چوہدری فاروق چیمہ ‘ استاد محمد صفدر ‘ محمد اشرف گجر ‘ محمد افضل ‘ چوہدری خالد لطیف گجر ‘ چوہدری غلام رسول ‘ طاہر خان ‘ چاچا صغیر راجہ عرفان ودیگر معززین بھی شریک ہوئے ۔