نئی دہلی(مانیٹرنگ نیوز، خبرایجنسی)بھارت میں اگنی پتھ اسکیم کیخلاف مظاہروں میں شدت، 500سے زائد ٹرینیں معطل،ریلوے اسٹیشنوں پر مسافر پریشان ہو کر رہ گئے،مظاہروں کے پیش نظر سخت سیکورٹی طلب، مختلف مقامات پر آر پی ایف کمانڈو ز تعینات کردیےگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں ایک طرف اگنی پتھ اسکیم سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا اور دوسری طرف اس اسکیم کے خلاف مظاہروں و احتجاج کا اثر بھی بڑے پیمانے پر دیکھنے کو مل رہا ہے، خصوصاً ریل آپریشن ان احتجاج کے باعث بری طرح متاثر ہوا ، اگنی پتھ منصوبہ کے خلاف مظاہروں کو دیکھتے ہوئے بھاتی ریلوے نے الگ الگ زون میں ملک بھر کی سیکڑوں ٹرینیں معطل کر دی ہیں، ان ٹرینوں میں پیسنجر اور ایکسپریس سمیت مجموعی طور پر 539 ٹرینیں شامل ہیں جن کے پہیے 20ون کو ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھ سکے۔ریلوے اسٹیشنوں پر ان مظاہروں کے پیش نظر سخت سیکورٹی انتظامات بھی کیے گئے ہیں، مختلف مقامات پر آر پی ایف کمانڈوز کی تعیناتی بھی کی گئی ہے کیوں کہ مظاہروں کےدوران ریلوے انفرااسٹرکچر اور ٹرینوں کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا گیاہے، بہار سمیت ملک کے کئی حصوں میں ٹرینوں میں آگ لگا دی گئی اور اسٹیشنوں پر توڑ پھوڑ کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، ایسے میں پیر کو بھارت بند نامی مظاہرے کے دوران محکمہ ریلوے نے احتیاطاً ریلوے اسٹیشنوں کی سیکورٹی بڑھا دی،بڑی تعداد میں ٹرینوں کو رد کیے جانے کے بعد کئی ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو پریشان و بے حال دیکھا جا رہا ہے۔ کئی سارے مسافر ریلوے اسٹیشن پر ہی ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں۔ بہرحال، انڈین ریلوے کے ذریعہ دی گئی معلومات کے مطابق اگنی پتھ کو لے کر جاری ہنگامہ کے سبب گزشتہ روز صبح 8بجے تک ملک بھر میں 539 ٹرینوں کو معطل کیا گیا ہے جس میں 181میل ایکسپریس اور 348پیسنجر ٹرینیں شامل ہیں، جب کہ چار میل ایکسپریس اور 6 پیسنجر ٹرینوں کو جزوی طور پر رد کیا گیا ہے، ناردرن ریلوے کے مطابق دہلی کی 71 ٹرینوں کو گزشتہ روزیعنی 20 جون کو پوری طرح معطل کر دیا گیا ہے۔